میلان: ایک نئی تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ 10 سیکنڈ دورانیے کی قلیل مدتی چہل قدمی صحت کے لیے مفید ثابت ہوسکتی ہیں۔
یونیورسٹی آف میلان میں کی جانے والی تحقیق میں معلوم ہوا کہ جب لوگ وقفے وقفے سے 10 سے 30 سیکنڈ کی چہل قدمی کرتے ہیں تب وہ مسلسل چلنے کے مقابلے میں زیادہ توانائی کا استعمال کرتے اور زیادہ کیلوریز جلاتے ہیں۔
تحقیق میں شریک رضاکاروں نے مطالعے میں مختلف دورانیے کی چہل قدمی کی جس میں کئی منٹ کے وقفوں کے بعد چھوٹی چھوٹی چہل قدمی اور چار منٹ تک کی لمبی واک شامل تھی۔
ماہرین کو مطالعے میں معلوم ہوا کہ ایک جیسا فاصلہ طے کیے جانے کے باوجود یہ ’مائیکرو واک‘ طویل مدتی کی واک کے مقابلے میں 60 فی صد تک توانائی استعمال کرتی ہیں۔ اس طرح زیادہ توانائی کا استعمال کی جاتی ہے جس کا مطلب ہوتا ہے کہ زیادہ کیلوریز جلائی جا رہی ہیں۔
پروسیڈنگز آف دی رائل سوسائٹی بی جرنل میں شائع ہونے والی تحقیق میں سربراہ منصف ڈاکٹر فرانسسکو لوسیانو اور ان کے ساتھیوں نے بتایا کہ جب ہم قلیل مدت کے لیے چلتے ہیں تو ہم زیادہ توانائی اور آکسیجن کا استعمال کرتے ہیں۔ کافی دیر بیٹھے رہنے کے دوران ایسا کرنا صحت کو بہتر ثابت ہوسکتا ہے۔