0

کیا انڈیا چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان آئے گا؟ بھارتی بورڈ کا بیان آگیا

کانپور: بھارتی کرکٹ ٹیم آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان آئے گی یا نہیں؟ بھارت بورڈ سے بڑی اپڈیٹ سامنے آگئی۔

بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے پیر کو بھارت اور بنگلادیش کے درمیان کانپور ٹیسٹ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان جانے کا فیصلہ حکومتی منظوری سے ہوگا تاہم ابھی تک اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ہم بین الاقوامی دوروں کے لیے ہمیشہ حکومت سے اجازت لیتے ہیں، حکومت پر منحصر ہے کہ فیصلہ کرے کہ بھارتی ٹیم کو کس ملک میں جانا چاہئے یا نہیں جانا چاہئے، حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی ہم اس کی پابندی کریں گے۔

واضح رہے کہ بھات نے 2008 کے بعد سے دو طرفہ کرکٹ کے لیے پاکستان کا سفر نہیں کیا اور دونوں ممالک صرف آئی سی سی ایونٹس میں ہی ایک دوسرے کیخلاف کھیلتے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 7 سال بعد گزشتہ برس آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے بھارت گئی تھی۔

قیاس کیا جا رہا ہے کہ بھارت چیمپئنز ٹرافی کے لیے پاکستان کا سفر نہیں کرے گا۔ بھارتی بورڈ آئی سی سی سے اس ٹورنامنٹ کو پاکستان سے سری لنکا یا دبئی منتقل کرنے کی درخواست کر سکتا ہے۔

یاد رہے کہ ایشیا کپ کا گزشتہ ایڈیشن بھی ہائبرڈ ماڈل کے مطابق کھیلا گیا تھا جس میں بھارت نے اپنے تمام میچز سری لنکا میں کھیلے تھے۔ ٹورنامنٹ میں سری لنکا نے 9 جبکہ پاکستان نے چار میچز کی میزبانی کی تھی۔

چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد آئندہ برس 19 فروری سے 9 مارچ تک ہونا ہے جس کیلئے کراچی، لاہور اور راولپنڈی اسٹیڈیمز کو اپ گریڈ کیا جا رہا ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کو پورا یقین ہے کہ آئندہ برس ایشیا کپ کے دوران تمام شریک ٹیمیں پاکستانی وینیوز پر ایکشن میں ہوں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں