0

میٹا کو لاپرواہی برتنی مہنگی پڑگئی

ڈبلن: فیس بک کی مالک کمپنی میٹا پر یورپی یونین کے ڈیٹا پروٹیکشن کمیشن (ڈی پی سی) کی جانب سے 9 کروڑ 10 لاکھ یورو (10 کروڑ 16 لاکھ ڈالر) کا جرمانہ عائد کر دیا گیا۔

ٹیکنالوجی کمپنی پر یہ جرمانہ صارفین کے پاسورڈ اندرونی سسٹم میں انکرپشن کے ساتھ محفوظ رکھنے کے بجائے لاپرواہی سے سادہ سے ٹیکسٹ پر رکھنے کی وجہ سے عائد کیا گیا ہے۔

میٹا آئرلینڈ نے مارچ 2019 میں ہونے والی اس خلاف ورزی کے متعلق ڈی پی سی کو بتایا کہ صارفین کے پاسورڈ بیرونی پارٹیوں کے لیے دستیاب نہیں تھے۔

تحقیقات میں ڈی پی سی کے سامنے جنرل ڈیٹا پروٹیکشن ریگولیشن (جی ڈی پی آر) کی متعدد خلاف ورزیاں سامنے آئیں جن میں ڈیٹا کی خلاف ورزی یعنی ڈیٹا بریچ پر کمشنر کو مطلع کرنے میں ناکامی، ڈیٹا بریچ کو دستاویزی شکل دینے میں ناکامی، پاسورڈ کو محفوظ کرنے کے لیے مناسب سیکیورٹی اقدامات نہ لینے اور پاسورڈ کو خفیہ رکھنے کے لیے مناسب ادارتی اقدامات کا اطلاق نہ کرنا شامل ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں