ممبئی: بالی ووڈ اداکارہ ایشا دیول اپنے سابق شوہر بھرت تختانی سے طلاق کے بعد پہلی بار میڈیا کے سامنے آگئیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایشا دیول کو آج صبح ممبئی ایئرپورٹ پر دیکھا گیا، اس موقع پر اُن کے ساتھ اُن کی دونوں بیٹیاں موجود نہیں تھیں بلکہ وہ اکیلے ہی ممبئی سے پرواز لیکر دوسرے شہر جارہی تھیں۔
ایئرپورٹ پر بھارتی میڈیا کے فوٹوگرافرز نے ایشا دیول کی تصاویر اور ویڈیوز بنائیں اور اداکارہ پُراعتماد انداز میں کیمرے کے سامنے پوز دیتے ہوئے نظر آئیں
بھارتی صحافی نے ایشا دیول سے اُن کی خیریت دریافت کی جس پر اداکارہ نے کہا کہ میں بالکل ٹھیک ہوں، آپ سب کیسے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ایشا دیول کی والدہ سینیئر اداکارہ و سیاستدان ہیما مالنی نے بھارتی میڈیا سےے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اُن کی بیٹی ایشا آنے والے سالوں میں سیاست میں شامل ہوسکتی ہیں کیونکہ وہ سیاست کو پسند کرتی ہیں اور سیاسی دنیا سے کافی مائل بھی ہوتی ہیں۔
واضح رہے کہ رواں سال 6 فروری کو ایشا دیول اور اُن کے شوہر بھرت تختانی نے اپنی طلاق کا اعلان کیا تھا، ایشا دیول نے سال 2012 میں بھرت تختانی سے شادی کی تھی، اس جوڑی کی دو بیٹیاں ہیں۔
ہیما مالنی اپنی بیٹی کی طلاق کے فیصلے کی حمایت کررہی ہیں لیکن وہ اس معاملے پر میڈیا سے بات نہیں کرنا چاہتیں جبکہ ایشا دیول کے والد دھرمیندر اپنی بیٹی کی طلاق کی وجہ سے بہت اداس ہیں۔
دھرمیندر چاہتے ہیں کہ کہ اُن کی بیٹی ایشا دیول اپنے بچوں کی خاطر طلاق کے فیصلے پر دوبارہ نظر ثانی کرے۔