سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان گال ٹیسٹ میچ 5 کے بجائے 6 روز تک کھیلا جائے گا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ 18 ستمبر سے گال کرکٹ اسٹیڈیم میں شروع ہوا تاہم یہ ٹیسٹ میچ 5 کے بجائے 6 روز کھیلا جائے گا۔
یہ ٹیسٹ 18 سے 23 ستمبر تک شیڈول ہے، جو کہ 6 دن بنتے ہیں۔
وجہ کیا ہے؟
سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے گال ٹیسٹ میچ کی خاص بات یہ ہے کہ اس میچ میں ایک آرام کا دن دیا گیا ہے، ٹیسٹ میچ کے ابتدائی 3 دن کا کھیل اختتام پذیر ہوچکا ہے تاہم ملک میں صدارتی انتخابات کے وجہ سے چوتھے دن پر ایک ریسٹ ڈے رکھا گیا جس نے میچ کو 5 کے بجائے 6 روز پر محیط کردیا ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان اب ٹیسٹ کے چوتھے دن کا کھیل اتوار کو شروع ہوگا۔
واضح رہے کہ یہ پہلی مرتبہ نہیں کہ کوئی ٹیسٹ میچ 5 کے بجائے 6 روز شیڈول کیا گیا ہو اس سے قبل آخری بار 2008 میں سری لنکا اور بنگلادیش کے درمیان ٹیسٹ میں ایسا ہوا تھا اور اس کی وجہ بنگلا دیش کے پارلیمانی انتخابات تھے۔
سال 2008 میں بنگلادیش اور سری لنکا کے درمیان میرپور، ڈھاکا میں 26 سے 31 دسمبر تک ہونے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران 29 دسمبر کو ملک میں انتخابات بھی شیڈول تھے۔