ممبئی: بالی ووڈ کی بلاک بسٹر ایکشن فلم ‘انیمل’ کی اداکارہ رشمیکا مندانا کی پرواز اُڑان بھرتے ہی تکنیکی خرابی کا شکار ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق رشمیکا مندانا اپنی دوست اداکارہ شردھا داس کے ہمراہ ممبئی سے حیدرآباد روانہ ہورہی تھیں، جیسے ہی اداکارہ کی پرواز نے اُڑان بھری تو بدقسمتی سے اُن کی پرواز بیچ راستے میں ہی تکنیکی خرابی کا شکار ہوگئی۔
ممبئی سے حیدرآباد کے لیے اُڑان بھرنے کے 30 منٹ بعد ہی اس پرواز کو واپس ممبئی ائیرپورٹ پر ہنگامی طور پر لینڈ کرنا پڑگیا۔
رشمیکا مندانا نے اپنی پرواز کی ہنگامی لینڈنگ کے حوالے سے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری میں اپنی دوست کے ہمراہ سیلفی شیئر کی جس میں وہ پُرسکون اور خوش آرہی ہیں۔
اداکارہ نے مداحوں کو اپنی خیریت کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ اس طرح آج ہم موت سے بچ گئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال رشمیکا مندانا کی غیراخلاقی ڈیپ فیک (جعلی) ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، اداکارہ نے اپنی جعلی ویڈیو کو ’انتہائی خوفناک‘ عمل قرار دیا تھا۔