ماسکو: روس کے ایک اسپتال میں غیر معمولی جسامت رکھنے والی ایسی بلی پائی گئی ہے جس کا وزن حیرت انگیز طور پر تقریباً 17 کلو گرام کے لگ بھگ ہے۔
عمومی طور پر بلیوں کا اوسط وزن 2.7 کلو سے 4.5 کلو گرام تک ہی ہوتا ہے، جبکہ مخلوط نسل کی بلیوں میں یہ وزن زیادہ سے زیادہ بھی بمشکل 12.5 کلوگرام تک ہی پہنچ پاتا ہے۔ لیکن روس میں ملنے والی اس بلی کا وزن 17 کلو گرام کے لگ بھگ ہے۔
یہ غیر معمولی وزنی بلی روس کے شہر پرم کے ایک اسپتال میں پائی گئی تھی جسے جانوروں کی امداد کرنے والے ایک گروہ نے ایک ہفتہ قبل ریسکیو کیا تھا۔
بلی کا نام کروشک رکھا گیا ہے جس کا روسی زبان میں مطلب حیرانی اور سرپرائز ہوتا ہے۔ یہ نام بلی کے بہت زیادہ کھانے پینے کی عادت کو دیکھتے ہوئے رکھا گیا ہے۔
’’میٹروسکن شیلٹر‘‘ نامی جانوروں کے ریسکیو ادارے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اس بلی کی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’یہ ایک انتہائی نایاب کیس ہے‘‘۔
پوسٹ میں یہ خیال بھی ظاہر کیا گیا کہ کروشک دنیا میں پائی جانے والی پانچ سب سے زیادہ موٹی بلیوں میں سے ایک ہوسکتی ہے۔
غیر معمولی جسامت اور وزن کی وجہ سے کروشک کو چلنے پھرنے میں بھی دشواری کا سامنا تھا۔ ریسکیو گروپ نے اسے ڈائیٹ کے مطابق غذا فراہم کی جس کے بعد اب یہ بلی اپنی ٹانگیں چلانے کے قابل ہوگئی ہے۔
مقامی میڈیا کے مطابق کروشک کے اس غیر معمولی زیادہ وزن کے پیچھے پنیر والی روٹیاں، وہسکی اور گوشت کا زیادہ استعمال ہے جو کہ اسپتال کا عملہ اسے کھانے کے لیے دیا کرتا تھا۔
کروشک کی جسامت اور چمڑے کی موٹائی کے باعث اس کا الٹرا ساؤنڈ بھی نہیں کیا جاسکا کیونکہ الٹرا ساؤنڈ مشین کے سینسر اس کی جسامت کے باعث کام ہی نہیں کرسکے۔