0

ٹیسٹ سیریز؛ قومی ٹیم کے کون سے کرکٹرز کے پاس ریکارڈ بنانے کا موقع ہے؟

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ میں شریک قومی ٹیم کے کرکٹرز بنگلادیش کیخلاف 2 میچز کی ٹیسٹ سیریز میں کچھ ریکارڈ بناسکتے ہیں۔

بنگلادیش کیخلاف ہوم سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ کا آغاز 21 اگست سے راولپنڈی میں ہوگا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 30 اگست کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

سیریز کے دوران فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ میں 100 وکٹیں لینے والے پہلے پاکستانی بالر بننے کا اعزاز حاصل کرسکتے ہیں، وہ اسوقت 24 ٹیسٹ میچز میں 91 وکٹوں کیساتھ ایلیٹ بالرز کی فہرست میں شامل ہیں۔

ڈبلیو ٹی سی سائیکل میں اب تک 11 گیند بازوں نے 100 وکٹوں کا ہندسہ عبور کیا ہے، جن میں بھارت کے 3- روی ایشون 174، جسپریت بمراہ 110 اور رویندرا جڈیجا 102 وکٹوں کیساتھ موجود ہیں جبکہ 4 آسٹریلوی بالرز بھی یہ کارنامہ سرانجام دے چکے ہیں ان میں نیتھن لیون 187، پیٹ کمنز 175، مچل اسٹارک 147 اور جوش ہیزل ووڈ 109 وکٹوں کیساتھ فہرست میں شامل ہیں۔

پاکستان کی جانب سے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ میں گرین شرٹس کیلئے شاہین کے بعد نسیم شاہ کا نمبر آتا ہے جنہوں نے 51 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں جبکہ انجری کے باعث انہوں نے اپنا آخری میچ جولائی 2023 میں سری لنکا کے خلاف کھیلا تھا۔

دوسری جانب کپتان شان مسعود اور نائب کپتان سعود شکیل کے پاس بھی ڈبلیو ٹی سی سائیکل میں 1 ہزار رنز تک پہنچنے کا موقع موجود ہے۔ شان مسعود نے 18 میچوں میں 985 جبکہ سعود شکیل نے 10 ٹیسٹ میچوں میں 967 رنز بنائے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں