کھانا کھولنے میں تاخیر پر دولہا بارات واپس لے گیا اور دوسری لڑکی سے شادی کرلی۔
بھارتی ریاست اترپردیش ضلع چندولی کے گاؤں حامد پور میں ایک عجیب واقعہ پیش آیا جہاں کھانا کھولنے میں تاخیر پر دولہا اپنے رشتہ داروں سمیت دلہن کو شادی کے لباس میں انتظار کرتا چھوڑ کر چلا گیا۔
اطلاعات کے مطابق دلہن کی شادی مہتاب نامی نوجوان سے سات ماہ قبل طے پائی تھی، 22 دسمبر کو شادی کی تقریبات بڑے جوش و خروش کے ساتھ جاری تھیں۔
دلہن کے اہل خانہ نے باراتیوں کا استقبال مٹھائی سے کیا اور بعد میں کھانا پیش کیا تاہم دولہا کے ایک رشتہ دار نے کھانا دیر سے کھولنے پر وایلا شروع کردیا۔
دلہن کے گھر والوں کی دولہا کے رشتہ داروں کو منانے کی کوششوں کے باوجود باراتی دلہن کے خاندان پر الزام لگاتے ہوئے وہاں سے چلے گئے۔
دولہا نے اسی رات اپنی ایک رشتہ دار سے شادی کر لی، یہ خبر دلہن کے خاندان پر بجلی بن کر گری اور وہ شکایت درج کرانے پولیس اسٹیشن پہنچ گئے۔
دلہن کے اہل خانہ نے 7 لاکھ روپے کے مالی نقصان کا دعویٰ کیا ہے جس میں دولہے کے گھر بھیجے گئے جہیز میں 1.5 لاکھ روپے شامل ہیں۔ انہوں نے دولہا کے پانچ گھر والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
دلہن کے بھائی راجو نے بتایا کہ ایس پی نے ہمیں کارروائی کا یقین دلاکر پولیس کو ہم سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی تھی لیکن ابھی تک کسی نے رابطہ نہیں کیا۔