0

نواز شریف کے پوتے کی شادی؛ جاتی امرا سج گیا، بھارت سمیت کئی ملکوں کے مہمان شریک

لاہور:نواز شریف کے پوتے کی شادی کے سلسلے میں جاتی امرا کو سجا دیا گیا جب کہ تقریبات میں بھارت سمیت کئی ملکوں کے مہمان شریک ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف کے پوتے زید حسین نواز کی شادی کی تقریبات جاری ہیں۔ ان کی بارات آج جاتی امرا سے رائیونڈ روڈ پر نجی ہوٹل روانہ ہو گی ۔

زید حسین نواز کی بارات میں قریبی رشتے دار اور غیر ملکی مہمانوں سمیت سیاسی شخصیات شریک کریں گی جب کہ ولیمہ کل اتوار 29 دسمبر کو جاتی امرا میں ہو گا۔ بارات کی تقریب میں 500 اور ولیمے میں 700 افراد کو مدعو کیا گیا ہے۔

قبل ازیں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے پوتے اور حسین نواز کے صاحبزادے زید حسین نواز کے نکاح اور رسم حنا کی تقریب جاتی امرا میں منعقد کی گئی تھی ۔

زید حسین نواز کی شادی کی تقریبات کے سلسلے میں جاتی امرا کو برقی قمقموں سے روشن کیا گیا ہے ۔ شادی کی تقریبات میں امریکا، برطانیہ، سعودی عرب، قطر، عرب امارات اور بھارت سے مہمان شریک ہو رہے ہیں۔

شادی میں شرکت کے لیے حسین نواز، ان کی فیملی اور ان کی بہن اسما ڈار بھی موجود ہیں جب کہ مہمانوں کی سکیورٹی کا انتظام پنجاب پولیس کر رہی ہے ۔ تقاریب کے دوران جاتی امرا جانے والی سڑک کے اطراف درختوں کو لائٹیں لگا کر نمایاں کیا گیا ہے اور جگہ جگہ پھولوں کے گملے رکھ کر علاقے کو سجا دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں