0

موزمبیق میں متنازع انتخابات کے بعد پُرتشدد واقعات میں 21 افراد ہلاک

پرتگالی بولنے والے افریقی ملک موزمبیق میں متنازع انتخابات میں حکمران جماعت کی جیت کی تصدیق کے بعد سے شروع ہونے والی بےامنی میں کم از کم 21 افراد ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ موزمبیق کی اعلیٰ عدالت کی جانب سے متنازع انتخابات میں حکمران جماعت فریلیمو کی جیت کی تصدیق کے بعد سے شروع ہونے والی بے امنی میں کم از کم 21 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

وزیر داخلہ پاسکول رونڈا نے ایک نیوز کانفرنس میں کے دوران کہا کہ ہلاک ہونے والوں میں کم از کم 2 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں۔

پرتگالی بولنے والے افریقی ملک میں پیر سے اب تک مجموعی طور پر سنگین تشدد کی 236 کارروائیاں رپورٹ ہوئیں جن میں کم از کم 25 افراد زخمی ہوئے، جن میں 13 پولیس افسران بھی شامل ہیں۔

آئینی کونسل کی جانب سے فریلیمو کی جیت کی تصدیق کے بعد سے احتجاجی مظاہرے شروع ہوئے، مظاہرین اور اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ 9 اکتوبر کو ہونے والے ووٹ دھاندلی زدہ تھے۔

وزیر نے سرکاری نشریاتی ادارے کو بتایا کہ اب تک 78 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور ملک بھر میں حفاظتی اقدامات سخت کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اہم اور حساس مقامات پر مسلح افواج کی موجودگی میں اضافہ کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں