0

امریکا کا اعلیٰ سطح کا وفد ہیتہ التحریر کی قیادت سے ملنے شام پہنچ گیا

امریکا سے اعلیٰ سطح کا تین رکنی وفد شام کے دارالحکومت دمشق پہنچ گیا جہاں وہ بشار الاسد کی حکومت کا تختہ الٹ کر عبوری حکومت قائم کرنے والے باغی گروہ کے سربراہان سے ملاقات کریں گے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق تین رکنی امریکی وفد میں اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے مشرقی امور (این ای اے) باربرا لیف، امریکی خصوصی مندوب برائے یرغمالی امور راجر کارسٹینس اور این ای اے کے سینیئر مشیر ڈینیل روبینسٹائن شامل ہیں۔

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ دورۂ شام میں امریکی وفد ہیئتہ التحریر الشام (ایچ ٹی ایس) کے مرکزی رہنماؤں سے ملاقات کریں گے۔

ملاقات میں شام میں لاپتا امریکیوں کی بازیابی، امریکی افواج کی بحفاظت واپسی اور انتقال اقتدار کے طریقہ کار سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی جائے گی۔

امریکی وفد دورۂ شام میں سول سائیٹی کے نمائندوں اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے اداروں سے ملاقات کرکے لاپتا امریکیوں کی بازیابی کو یقینی بنائیں گے۔

شام کی عبوری حکومت نے کہا ہے کہ وہ ملکی سلامتی اور وقار کا احترام کرنے والے ہر غیر ملکی وفد کا استقبال کریں گے۔

واضح رہے کہ رواں ماہ ہیتہ التحریر الشام نامی باغی عسکری گروہ نے دمشق پر قبضہ کرکے اسد خاندان کا 52 سالہ اقتدار کا تختہ الٹ دیا تھا جب کہ بشار الاسد اہل خانہ کے ہمراہ روس فرار ہوگئے تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں