اسلام آ باد:آسٹریلین حکومت نے پاکستانی مدارس کو جدید تکنیکی تعلیم فراہم کرنے کی پیشکش کردی۔
سرکاری میڈیا کے مطابق وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی اور سمندر پار پاکستانی چوہدری سالک حسین سے آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران دنیا میں مذہبی عدم برداشت، دہشت گردی اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے حوالے سے مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ ملک میں بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ، سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کا حل ترجیحات میں شامل ہے، پاکستان میں اقلیتوں کو تمام سیاسی، معاشی اور سماجی حقوق حاصل ہیں جن کی آئین نے ضمانت دی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں وزارت تعلیم کے ماتحت 18 ہزار سے زائد مدارس کو رجسٹرڈ کیا گیا ہے، مدارس کے طلبا کو جدید تکنیکی تعلیم فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے حکومت کی جانب سے پاکستانی مدارس کو جدید تکنیکی تعلیم فراہم کرنے کی پیشکش کی اور کہا کہ آسٹریلیا مدارس کے طلبا کو جدید تکنیکی تعلیم دینے کیلئے پاکستان کی معاونت کیلئے تیار ہے۔
انہوں ںے کہا کہ نفرت اور عدم برداشت دو بنیادی عوامل ہیں جو تشدد اور انتہا پسندی کو فروغ دیتے ہیں، بین المذاہب ہم آہنگی کا فروغ معاشرے میں محبت ، مساوات، رواداری اور برادشت جیسے جذبات کو فروغ دے کر ہی ممکن ہے۔
آسٹریلین ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے یونان کشتی میں پاکستانیوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ ہنرمند پاکستانیوں کو آسٹریلیا میں روزگار کے مزید مواقع فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہیں۔
وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ غیر قانونی انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے حکومت پاکستان مزید مؤثر اقدامات کر رہی ہے، پاکستان نے روزگار کیلئے بیرون ملک جانے والے افراد کو جدید ہنر سکھانے کیلئے پروجیکٹ کا آغاز کیا گیا ہے۔