0

پاکستان ہاکی فیڈریشن نے آئرش پاکستانی ڈاکٹر کامران بٹ کی خدمات حاصل کرلیں

لاہور:پاکستان ہاکی فیڈریشن نے آئرلینڈ سے تعلق رکھنے والے اسپورٹس میڈیسن کے ماہر ڈاکٹر کامران بٹ کی خدمات حاصل کر لیں۔

ڈاکٹر کامران بٹ انجری کے شکار ہونے والے ہاکی کھلاڑیوں کا بلامعاوضہ علاج کریں گے۔ لاہور میں پی ایچ ایف ہیڈ کوارٹر میں صدرطارق حسین بگٹی، سیکرٹری رانا مجاہد، ہیڈ کوچ طاہر زمان سے ملاقات میں ڈاکٹر کامران بٹ نے قومی کھیل کے لیے وابستگی پر رضامندی ظاہرکی۔

ان کا کہنا تھا کہ اسپورٹس میڈیسن کا پندرہ برس کا تجربہ ہے، خاص طورپر شولڈر اور گھٹنے کی انجری میں بانی سرجن میں سے ایک ہوں، ہاکی فیڈریشن حکام نے رابطہ کرکے درخواست کی کہ پاکستانی کھلاڑیوں کے علاج میں ہمارا ہاتھ بٹائیں۔

کامران بٹ نے کہا کہ بطورپاکستانی اور ہاکی لورز یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ قومی کھیل کے لیے کام کریں۔ اعزازی طورپر قومی کھلاڑیوں کے علاج کے لیے اپنی دستیابی دے دی ہے، بیرون ملک جو کچھ سیکھ رہےہیں، اس علم کو بروئے کار لاکر پاکستانی کھلاڑیوں کو میڈیکل کے حوالےسے درپیش مسائل حل کرنے میں جو بھی ممکن ہوسکا، وہ کرنے کی بھرپور کوشش کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاکی ٹیم کے لیے کام کرنا میرے لیے ایک اعزاز ہوگا۔ ماضی میں بھی بہت سے کھلاڑیوں کا علاج کیا ہے، مستقبل میں مزید پی ایچ ایف اور قومی کھلاڑیوں کی مدد کے لیے حاضر ہوں۔

اس موقع پر صدر پی ایچ ایف طارق بگٹی، سیکرٹری رانا مجاہد، ہیڈکوچ طاہر زمان نے پروفیسر ڈاکٹر کامران بٹ کے جذبے کو سراہا اور پاکستان ہاکی کے لیے خدمات پیش کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ صدر طارق حسین بگٹی نے انہیں پی ایچ ایف کی طرف سے تقرری کا لیٹر اور شیلڈ بھی پیش کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں