اسلام آباد:حکومت اوراپوزیشن کے درمیان مذاکرات کیلئے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے اپنی خدمات پیش کردیں۔
اسپیکر ایاز صادق کا کہنا ہے کہ حکومت اپوزیشن مذاکرات کے لیے میرا آفس اور گھر ہر وقت حاضر ہے، حکومت اپوزیشن میں تلخیاں ختم کرنے کےلیے مذاکرات ضروری ہیں۔
سیاسی ایشوز سمیت کسی بھی معاملے پر مذاکرات میں کردار ادا کرنے کو تیار ہوں، کل ایوان میں ہونے والی بحث خوش آئند تھی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی اجلاس میں ویراعظم کے مشیر سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب تک حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ڈائیلاگ نہیں ہوگا یہ سسٹم نہیں چل سکتا۔
رانا ثنا کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی حکومت کو بتائے کہ یہ کمیٹی ہے اور ہم سیاسی مذاکرات کرنا چاہتے ہیں، ہم بھی اس کے لیے کوشش کریں گے اور مجھے امید ہے کہ اس کا کوئی نہ کوئی نتیجہ ضرور نکلے گا۔
اس سے قبل چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان بھی حکومت کو مذاکرات کی پیش کش کرچکے ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ ہمیں مذاکرات کے ذریعے راستہ فراہم کرے۔