0

عمران خان کا 9 مئی اور 26 نومبر کی جوڈیشل انکوائری اور سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے لانے کا مطالبہ

راولپنڈی:علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے 9 مئی اور 26 نومبر دونوں واقعات کی سپریم کورٹ سے جوڈیشل انکوائری کا مطالبہ کیا ہے اور کہا ہے کہ دونوں واقعات کی سی سی ٹی وی فوٹیجز سامنے لائی جائیں جن کے بغیر تحقیقات ممکن نہیں۔

یہ بات عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں ںے کہا کہ ’’بانی پی ٹی آئی کا پیغام ہے کہ وہ لاعلم میں کہ ڈی چوک میں کتنی شہادتیں ہوئیں اور کتنے لوگ زخمی ہوئے؟ انھیں نہیں پتا کتنے لوگ لاپتا ہیں‘‘، ابھی تک 200 سے زائد کارکنان لاپتا ہیں، لاپتہ کارکنان کے حوالے سے شک ہے کہ وہ بھی شہید ہوچکے ہیں اور بانی پی ٹی آئی لاپتا کارکنان کے حوالے سے فکر مند ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ 15 دسمبر کو یوم شہداء کا دن مقرر کیا گیا ہے، پشاور سمیت دنیا بھر میں کارکنان اس دن دعا کریں گے۔

علیمہ خان کے مطابق ’’بانی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ کفر کا نظام چل سکتا ہے ظلم کا نہیں چل سکتا، ہم اس نظام کو قبول نہیں کریں گے، 9 مئی کے بعد اب 26 نومبر کا مطالبہ بھی مطالبات میں شامل کرلیا ہے، سپریم کورٹ کے 3 سینئر ججز پر جوڈیشل کمیشن قائم کیا جائے دونوں سانحات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کے بغیر تحقیقات ممکن نہیں ہمارے گرفتار کارکنان کو رہا کیا جائے اور غیر قانونی مقدمات ختم کیے جائیں‘‘۔

علیمہ خان نے مزید کہا کہ ’’بانی پی ٹی آئی نے اوورسیز پاکستانیوں سے کہا ہے کہ وہ پاکستان میں رقوم بھیجنا بند کر دیں، اوورسیز پاکستانیوں کو ہمارے ساتھ مل کر پاکستان کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا ہے‘‘۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں