چین میں ایک خاتون نے اپنی نوعیت کے انوکھے مقابلے میں آٹھ گھنٹے تک موبائل فون نہ استعمال کر کے 10 ہزار یوان (3 لاکھ 82 ہزار پاکستانی روپے) کا نقد انعام جیت لیا۔
ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر ’پاجامہ سسٹر‘ کے نام سے پہچانی جانی والی ایک سیلز منیجر ڈونگ نے چیلنج کے دوران دیگر شرکاء کے ساتھ بھرپور استقامت کا مظاہرہ کیا۔
ایک شاپنگ مال میں منعقد ہوئے اس مقابلے کا مقصد شرکاء میں بے چینی کے بغیر فون سے دور رہنے کی صلاحیت کو جانچنا تھا۔ ایک میٹریس اور بیڈنگ اسٹور کی جانب سے کرائے گئے اس مقابلے میں 10 افراد شریک ہوئے جن کو 100 درخواستوں میں سے چنا گیا تھا۔
ہر فرد نے نئے بیڈز پر فون یا دوسری کوئی برقی ڈیوائس (بشمول لیپ ٹاپ، یا ٹیبلٹ) استعمال کیے بغیر آٹھ گھنٹے گزارے۔
شرکاء نے مقابلہ شروع ہونے سے قبل اپنے موبائل فونز جمع کرائے اور ان کو ایمرجنسی کی صورت میں منتظمین نے صرف کال کی جانے والی ڈیوائس استعمال کرنے کی اجازت دی۔
اس دوران ان کو کھانا اور پانی بیڈ پر ہی لینا پڑا جبکہ ٹوائلٹ کے لیے ان کو صرف پانچ منٹ کا وقت دیا گیا۔
مقابلے میں ڈونگ نے اصولوں کی پاسداری کے سبب 100 میں سے 88.99 پوائنٹس حاصل کیے۔
اپنے طرزِ زندگی کے متعلق بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ وہ بغیر کسی وجہ سے فون پر بمشکل ہی اسکرال کرتی ہیں۔ وہ فارغ وقت میں اپنے بچے کو پڑھاتی ہیں۔