0

انسان ہوں یا فرشتے، ان کے ساتھ مذاکرات کیلیے تیار ہیں،عمرایوب

پشاور:پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ انسان ہوں یا فرشتے ہم ان کے ساتھ مذاکرات کیلیے تیار ہیں، مذاکرات کیلیے کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے ،مطالبات نہیں مانے گئے تو سول نافرمانی کی تحریک شروع کریں گے۔

پشاورہائیکورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمرایوب نے کہاکہ ستم ظریفی یہ ہے کہ راہدرای ضمانت کےلئے ہر ہفتے ہائیکورٹ آنا پڑتا ہے ۔ 5 دسمبر کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی جس کے بعد مذاکراتی کمیٹی بنائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسان ہوں یا فرشتے ہم ان کے ساتھ مذاکرات کرنے کےلئے تیار ہیں۔ مذاکراتی کمیٹی میں وہ ( عمر ایوب)، حامد رضا اور سلمان اکرم راجہ شامل ہیں۔ کمیٹی اپنے مطالبات حکومت کے سامنے رکھے گی اور انہیں منوانے کی کوشش کرے گی۔ ہمارے اورکارکنوں کے خلاف درج مقدمات ختم کیے جائیں۔اگر مقدمات ختم نہ کیے گئے تو سول نافرمانی کی طرف جائیں گے۔

پی ٹی آئی رہنما نے مزید کہا کہ پاکستان میں ایک طرح کا مارشل لاءنافذ ہے، ریاستی دہشتگردی کی وجہ سے نہتے عوام محفوظ نہیں ہیں۔ ہمارے خلاف ایف آئی آرز کی بوچھاڑ ہے، حکومت نے نہتے شہریوں پر جدید اسلحہ استعمال کیا۔

اپوزیشن لیڈر نے مزید کہا کہ میری گاڑی اور اس میں موجود نقدی غائب ہے، ہزارہ موٹروے پر مجھے بھی شیل لگا، رینجرز ہری پور تک آئے، اس پر چیف سیکرٹری اور آئی جی سے پوچھا تو وہ لاجواب تھے۔ آئی جی اسلام آباد کےخلاف ایف آئی آر کے اندراج کیلئے ہری پور تھانے میں درخواست دی ہے۔ آئی جی کے پی اور چیف سیکرٹری کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔

اس موقع پرسینیٹر شبلی فراز ، شوکت یوسفزئی، ایم این اے محمد آصف خان بھی موجود تھے۔ پی ٹی آئی رہنماﺅں کا کہنا تھاکہ جمعہ کے دن تعزیتی ریفرنس ہوگا،ہمارے ہزاروں کارکن زخمی ہوئے اور بہت سارے ابھی تک لاپتہ ہیں۔

فیصل واوڈا سے متعلق ایک سوال پرپی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ فیصل واووڈا کس پارٹی کی نمائندگی کررہے ہیں جبکہ شبلی فراز نے کہا کہ سیاسی کیسز میں ہمیں مصروف رکھا ہے۔ کشمیر کے عوام نے پرامن طریقے سے اپنے مطالبات حکومت سے منظور کرائے، ہم نے بھی پرامن احتجاج کیا تو ہمارے خلاف گولیاں چلائی گئیں۔ انہوں نے کہا ہم اپنے مطالبات کیلئے پرامن جہدوجہد جاری رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں