واشنگٹن:امریکا کے دارالحکومت واشنگٹن میں 11 ویں ونٹرنیشنل فیسٹول میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے ثقافتی ورثے کی نمائش کی گئی جہاں 60 سے زائد سفارت خانوں نے اپنے ممالک کی نمائندگی کی۔
پاکستان کے سفارت خانے سے جاری اعلامیے کے مطابق واشنگٹن ڈی سی کے رونالڈ ریگن بلڈنگ میں 11 ویں ونٹرنیشنل فیسٹیول 2024 منعقد ہوا، جس میں پاکستانی سفارت خانے کی جانب سے اپنے ثقافتی ورثے کی نمائش کی گئی اوردنیا بھر سے 60 سے زائد سفارت خانوں نے اس عالمی ایونٹ میں اپنی ثقافت کی نمائندگی کی۔
فیسٹول میں پاکستان کے متحرک رنگوں، بھرپور ثقافت اور مہمان نوازی کو اجاگر کیا گیا۔
امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے اس ایونٹ کے افتتاحی پروگرام میں شرکت کی اور مختلف اسٹالز کا دورہ کیا، جن میں پاکستانی پویلین بھی شامل تھا۔
پاکستانی سفیر نے شرکا اور وزیٹرز کے ساتھ بات چیت بھی کی اور اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے رضوان سعید شیخ نے زور دیا کہ ایسے فیسٹیولز ثقافتی تفہیم کو فروغ دینے اور قوموں کے درمیان روابط کو مضبوط کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ونٹرنیشنل جیسے ایونٹس کمیونٹیز کے درمیان ایک اہم رابطہ کا کردار ادا کرتے ہیں، جو فنون اور ثقافت کے عالمی ذرائع کے ذریعے یکجہتی اور تفہیم کو فروغ دیتے ہیں۔
پاکستانی اسٹال فیسٹیول میں ایک نمایاں کشش بن کر اُبھرا، جس نے اپنے لذیذ پکوان، دلکش ٹرک آرٹ کی نمائش اور ہاتھ سے تیار قیمتی پتھروں کے زیورات کے شاندار مجموعے کے ساتھ بڑی تعداد میں لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کیا۔
پاکستان کو تاریخ اور ثقافتی ورثے کا خزانہ قرار دیتے ہوئے سفیر نے شرکا کو ملک کی خوب صورتی اور ذائقوں سے لطف اندوز ہونے کی دعوت دی جو اسٹال پر اس کی دستکاری اور کھانوں میں جھلکتی ہے۔
سفیر پاکستان نے مزید کہا کہ پاکستان تاریخ اور ثقافتی ورثے کے ایک عظیم ذخیرے کی نمائندگی کرتا ہے، جس کی مثال آج ہم اپنے فن پاروں اور نمائشوں میں پیش کر رہے ہیں۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستانی سفارت خانہ ملک کے بھرپور ورثے کو اجاگر کرنے اور ثقافتی تبادلے کے ذریعے روابط استوار کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
پاکستان کے سفیر نے عالمی ہم آہنگی اور باہمی احترام کو فروغ دینے کے لیے ونٹرنیشنل کے منتظمین کی محنت کو سراہا۔
اس موقع پر ایونٹ کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ آف کولمبیا کی سیکریٹری کمبرلی اے باسیٹ نے ڈسٹرکٹ آف کولمبیا کی میئر موریل باؤزر کی طرف سے ایک سرکاری اعلان پیش کیا، جس میں 5 دسمبر کو واشنگٹن ڈی سی میں یوم سرما کے طور پر منانے کا اعلان کیا گیا۔