کراچی:پاکستانی شوبز کی سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے شادی اور جہیز کے مسائل پر بات کرتے ہوئے ان افراد کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے جو جہیز لینے کے باوجود اپنی بیویوں کا خیال نہیں رکھتے۔
یوٹیوب پر شیئر کی گئی اپنی ویڈیو میں بشریٰ انصاری نے کہا کہ والدین بیٹیوں کو بڑے ارمانوں کے ساتھ رخصت کرتے ہیں، لیکن بعض افراد ان کی قربانیوں کی قدر نہیں کرتے۔
بشریٰ انصاری نے انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنی بیٹیوں کی خاطر دامادوں کو گھر تک دیا لیکن اس کے باوجود انہیں عزت نہیں ملی۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے دامادوں کو بیٹوں کی طرح سمجھا اور محبت میں ان پر خرچ کیا، لیکن وہ ان کے لیے مایوسی کا باعث بنے۔
اداکارہ نے شادی کے نام پر جہیز لینے والے افراد کے لیے سخت الفاظ استعمال کرتے ہوئے انہیں ’بے غیرت‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ شادی کے بعد اپنی بیویوں کا بھی خیال نہیں رکھتے اور طلاق کے بعد بچوں کے اخراجات تک نہیں اٹھاتے۔
بشریٰ انصاری نے سعودی عرب جیسے قوانین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہاں شادی کے وقت شوہر کو بیوی کے نام گھر کرنا ہوتا ہے، لیکن پاکستان میں ایسا نظام موجود نہیں ہے، جس سے طلاق یافتہ خواتین اور ان کے بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
بشریٰ انصاری کی ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے تبصرے کرتے ہوئے ان کے دامادوں پر تنقید اور ان کی بیٹیوں کے حالات پر سوالات اٹھائے۔ کئی صارفین نے یہ بھی قیاس کیا کہ اداکارہ کی بیٹیوں کی طلاق ہو چکی ہے، تاہم بشریٰ انصاری نے اس بارے میں کوئی وضاحت نہیں دی۔