دبئی : بالی وڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے انکشاف کیا ہے کہ ان کے کیریئر میں ایک ایسا وقت بھی آیا جب وہ فلم انڈسٹری کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کر چکے تھے۔ دبئی میں منعقدہ گلوبل فریٹ سمٹ کے دوران شاہ رخ نے اپنے کیریئر کے آغاز اور مشکلات سے پردہ اٹھایا۔
شاہ رخ خان نے بتایا، “جب میں سیٹ پر آیا تو مجھے لگا کہ میں ایک بہترین اداکار ہوں، لیکن جلد ہی احساس ہوا کہ سیٹ پر موجود ہر شخص مجھ سے بہتر جانتا ہے کہ اداکاری کیسے کی جاتی ہے۔”
اداکار نے مزید انکشاف کیا، “مجھے لگا کہ میں ناکام ہوں اور دہلی واپسی کے لیے فلائٹ بک کروالی۔ انٹرنیشنل فلائٹ 25 فیصد سستی تھی اور مہنگی فلائٹ افورڈ نہیں کرسکتا تھا۔”
شاہ رخ نے کہا کہ وہ گھر واپس جا کر اپنی زندگی نئے سرے سے شروع کرنا چاہتے تھے۔
شاہ رخ خان نے کہا، “ہر دن مجھے یہ احساس ہوتا ہے کہ ابھی بہت کچھ سیکھنا باقی ہے۔ کیریئر کے 35 سالوں میں جب بھی سیٹ پر گیا، یہ احساس ہوا کہ میں خود کو بہتر کیسے بنا سکتا ہوں۔”