0

طلاق کی افواہوں کے درمیان ابھیشیک کا ایشوریا کے نام پیغام

مشہور بالی ووڈ اداکار ابھیشیک بچن نے اپنی اہلیہ اور اداکارہ ایشوریا رائے کی بطور ماں قربانیوں اور ذمہ داریوں کی تعریف کی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وہ ایشوریا کے شکر گزار ہیں کہ وہ انہیں کام کرنے کے لیے سازگار ماحول فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی بیٹی آرادھیا کے ساتھ ایشوریا کی موجودگی گھر میں سکون کا سبب بنتی ہے۔

یہاں یہ بات قابل غور ہے کہ ابھیشیک کی جانب سے اہلیہ کیلئے یہ بیان اس دوران سامنے آیا ہے جب بالی ووڈ کی اس مشہور جوڑی کی طلاق کی افواہیں پھیلی ہوئی ہیں تاہم اداکار کے اس بیان کے بعد یہ افواہیں دم توڑ گئی ہیں۔

ابھیشیک نے بتایا کہ ان کے بچپن میں بھی انہیں اپنے والدین کی عدم موجودگی کا احساس نہیں ہوا، حالانکہ ان کے والد امیتابھ بچن 1970 کی دہائی میں فلمی دنیا کے عروج پر تھے جبکہ ان کی والدہ جیا بچن نے 1976 میں ان کی پیدائش کے بعد فلموں سے وقفہ لیا تھا۔

یاد رہے کہ ابھیشیک اور ایشوریا 2007 میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے اور 2011 میں ان کی بیٹی آرادھیا اس خوبصورت جوڑی کی زندگی میں آئیں۔ ایشوریا نے بیٹی کی پیدائش کے بعد فلمی دنیا سے چار سال کا وقفہ لیا اور 2015 میں فلم ’جذبہ‘ کے ذریعے واپسی کی۔

دوسری جانب ابھیشیک اپنی آنے والی فلموں ’بی ہیپی‘، ’ہاؤس فل 5‘ اور ’کنگ‘ کی ریلیز کی تیاری میں مصروف ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں