0

بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ کی افتتاحی تقریب آج سجے گی

چوتھے بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ کی افتتاحی تقریب بھارت کے بغیر آج (جمعہ) کو لاہور میں سجے گی، جس میں ٹرافی کی رونمائی اور کلچرل شو بھی پیش کیا جائے گا۔

ملک میں بلائنڈ کرکٹ کے فروغ میں اہم کردار اداکرنے والی شخصیات کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈز بھی دیے جائیں گے، افتتاحی تقریب میں تمام 6 ٹیمیں شرکت کریں گی جبکہ ورلڈکپ کا پہلا میچ ہفتے کو پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مابین ہفتے کو کھیلا جائے گا۔

افغانستان، جنوبی افریقہ کے بعد نیپال، بنگلادیش اور سری لنکن ٹیم بھی پاکستان پہنچ گئی ہے جبکہ ایونٹ سے بھارتی ٹیم دستبردار ہوچکی ہے۔

درین اثنا پاکستان بلائنڈ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی کرکٹ ٹیم کے ورلڈکپ میں پاکستان نہ آنے سے ہمیں ایک کروڑ روپے کا نقصان ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اگلے سال بھارت میں شیڈول ویمنز بلائنڈ ورلڈکپ کی کسی دوسرے ملک منتقلی کیلیے آواز اٹھائیں گے،ان کی ٹیم آئے یا نہیں بلائنڈ ورلڈکپ پاکستان میں ہی ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ 2022 میں بھارت نے ویزے نہ دے کر ہمیں ایونٹ میں شرکت سے محروم کیا، اب اپنی ٹیم کو پاکستان آنے کی اجازت نہیں دی، ایسا کب تک چلے گا؟ ہم یہ معاملہ ورلڈ بلائنڈ کونسل کے اجلاس میں اٹھائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں