0

پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری؛ قائمہ کمیٹی نے سیکرٹری داخلہ، آئی جی جیل کو طلب کرلیا

اسلام آباد: اڈیالہ جیل میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاری پر قومی اسمبلی کی انسانی حقوق کمیٹی نے صوبائی سیکرٹری داخلہ اور آئی جی جیل خانہ جات کو آئندہ اجلاس میں طلب کرلیا۔

چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی انسانی حقوق کمیٹی کا اجلاس ہوا تو حامد رضا نے معاملہ کمیٹی میں اٹھا دیا۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ میں برداشت اور تحمل والا شخص ہوں ، مجھ سے یہ سلوک روا رکھا گیا، اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی، اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی اور سابق اسپیکر سمیت مجھے طاقت کے زور پر گرفتار کیا گیا۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ پہلے گرفتار کیا گیا پھر ٹانگیں پکڑ کر لے گئے، پولیس چوکی میں ڈیڑھ گھنٹہ ہمیں حبس بیجا میں رکھا، اس پارلیمنٹ کے ممبران کو ٹریٹ کرنے کا یہ طریقہ ہے، ہماری بے عزتی کی گئی۔

اجلاس میں شریک رکن زرتاج گل ےن کہا کہ اگر ہم اپنے آپ کو انصاف نہیں دے سکتے تو عوام کو کیسے دینگے، فوٹیج ہمارے لئے قابل افسوس ہے، واقعے میں ملوث افسران کو بلایا جائے وہ ہمیں جوابدہ ہیں، ملک میں انسانی حقوق معطل ہیں اور فتوے برائے فروخت ہیں۔

کمیٹی نے صوبائی سیکرٹری داخلہ اور آئی جی جیل خانہ جات کو آئندہ اجلاس میں طلب کرلیا۔

یاد رہے کہ چند روز قبل عمران خان سے جیل میں ملاقات کیلئے آنے والے پی ٹی آئی رہنماؤں کو پولیس نے گرفتار کرکے اڈیالہ چوکی منتقل کردیا تھا جن میں عمر ایوب، شبلی فراز ، اسد قیصر ، احمد بچھر ، صاحبزادہ حامد رضا شامل تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں