0

فتنۃ الخوارج کے سرغنہ نور ولی محسود کا چھپ کر پاکستان میں داخل ہونے کا منصوبہ آشکار

فتنۃ الخوارج کے سرغنہ نور ولی محسود کے چھپ کر پاکستان میں داخل ہونے کا منصوبہ آشکار ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق فتنۃ الخوارج کا سرغنہ خارجی نور ولی چھپ کر پاکستان آنے کی تیاریاں کر رہا ہے۔ خارجی نور ولی شوال کی جانب سے پاکستان میں چھپ کر داخل ہو کر ایک وڈیو ریکارڈ کرائے گا، جس کا مقصد یہ بتانا ہوگا کہ وہ پاکستان میں ہے جب کہ وڈیو کو ریلیز اس وقت کیا جائے گا جب وہ افغانستان واپس بھاگ چکا ہو گا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ یہ بات بھی خارج از امکان نہیں کہ وہ افغانستان ہی میں وڈیو ریکارڈ کروا کر پاکستان میں ہونے کا دعویٰ کر دے۔

اس سے قبل 13 نومبر 2024 کو خارجی نور ولی کی ایک آڈیو لیک منظر عام پر آئی تھی، جس میں وہ نچلے درجے کے دہشت گردوں کو واپس نہ آنے کی دھمکی دے رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 13 اور 14 نومبر کی درمیانی شب خارجی نور ولی اور حاجی گل بہادر گروپ کی آپس کی لڑائی میں خودکش حملےمیں 5 دہشتگرد جہنم واصل ہو گئے تھے۔

خارجی نور ولی کا پاکستان میں چھپ کر داخل ہونا بھی گزشتہ پے درپے واقعات میں ناکامی کی وجہ سے دوسرے دہشت گردوں کی طرف سے آنے والے پریشر کا شاخسانہ لگتا ہے ۔

دفاعی ماہرین کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز کی فتنۃ الخوارج کیخلاف کامیاب کارروائیوں نے خارجی نور ولی کو حواس باختہ کردیا ہے۔ پاک فوج کے روزانہ کی بنیاد پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز نے فتنۃ الخوارج کو بھاری جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے، جس کی وجہ سے فتنۃ الخوارج کی صفوں میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے

ماہرین کا کہنا ہے کہ خوارج کی بڑی تعداد خارجی نور ولی محسود کی نا اہلی سے متنفر ہو چکی ہے ۔ اس کا واضح ثبوت خوراج کےسرغنہ نورولی محسودکی آڈیو لیک ہے، جس میں وہ دہشتگردوں کو واپس نہ آنے کی دھمکی دے رہا ہے ۔ نور ولی محسود کا پاکستان میں دراندازی کرکے وڈیو پیغام ریکارڈ کرانے کا مقصد اندرونی اختلافات کو چھپانا ہے۔

دفاعی ماہرین کے مطابق نچلے درجے کے دہشت گرد فتنۃ الخوارج کی افغانستان میں عیاشی کرتی قیادت سے متنفر ہو چکے ہیں۔ خارجی نور ولی محسود کی یہ کوشش بھی بے سود رہے گی کیوں کہ اب نچلی سطح کے خارجیوں پر ان کی قیادت کی حقیقت واضح ہوچکی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں