پاکستان نے آسٹریلیا کیخلاف سیریز کے پہلے ٹی20 میچ ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کرلیا۔
برسبین میں شیڈول سیریز کا پہلا ٹی20 میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہونا تھا تاہم بارش کی وجہ سے ٹاس تاخیر کا شکار ہے۔ گزشتہ روز محکمہ موسمیات نے بارش اور طوفانی ہواؤں کی پیشگوئی کی تھی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی20 مقابلہ 7، 7 اوورز تک محدود ہوگا جبکہ پاور پلے 2 اوورز پر مشتمل ہوگا، اسی طرح ایک بالر زیادہ سے زیادہ 2 اوورز کروا سکے گا۔
دوسری جانب قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان کا ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کے فیصلے پر کہنا تھا کہ اوور کاسٹ کنڈیشنز کی وجہ سے بالنگ کرنا چاہتے ہیں تاکہ ابتدائی اوورز میں کینگروز کی جلد وکٹیں حاصل کرسکیں۔
اس موقع پر آسٹریلوی کپتان کا کہنا تھا کہ میچ کا ٹاس جیتے تو پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کرتے لیکن کوشش کریں گے پاکستان کیخلاف بڑا ٹارگٹ اسکور بورڈ پر لگاسکیں۔
پاکستان اور آسٹریلیا آخری مرتبہ لاہور میں 2022 میں کھیلے گئے ٹی20 میچ میں مدمقابل آئے تھے جس میں کینگروز نے فتح پائی تھی، پاکستان نے آسٹریلیا میں میزبان سائیڈ کے خلاف اب تک 4 ٹی20 میچز کھیلے ہیں، گرین شرٹس کو 3 میں شکست ہوئی اور ایک میچ بے نتیجہ ثابت ہوا تھا۔
خیال رہے کہ تین ون ڈے میچز کی سیریز میں پاکستان نے آسٹریلیا کو شکست دیکر سیریز 1-2 سے اپنے نام کی تھی۔