0

چیمپئنز ٹرافی: بھارتی انکار پر پاکستان کے سخت مؤقف سے آئی سی سی مشکل میں پھنس گیا

چیمپئنز ٹرافی میں شرکت سے انکار کی بھارتی ہٹ دھرمی کے بعد پاکستان کی جانب سے سخت اصولی مؤقف اختیار کرنے پر آئی سی سی مشکل میں پھنس گیا۔

چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی عدم شرکت پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) بھارتی بورڈ (بی سی سی آئی) کی مشاورت کے بعد پی سی بی کو ردعمل دے گا۔ اس سلسلے میں آئی سی سی نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے رابطہ کرلیاہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھی بھارتی مؤقف پر دوسرے بورڈز کے ساتھ رابطے شروع کردیے ہیں تاکہ ان کو بھارتی بورڈ کے رویے سے آگاہ کیا جا سکے۔

واضح رہے کہ پاکستان ہائبرڈ ماڈل کی مخالفت کے اپنے مؤقف پر قائم ہے جب کہ بھارت کی جانب سے ٹیم کو پاکستان نہ بھیجنے کے فیصلے نے آئی سی سی کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے۔

ذرائِع کے مطابق پی سی بی کی ای میل کا آئی سی سی کی جانب سے فوری جواب ملنا ممکن نہیں، جواب تیار کرنے میں کچھ دن لگیں گے۔ پاکستان کی طرف سے ای میل میں بھارتی ٹیم کے انکار کی ٹھوس وجوہات بتانے پر اب آئی سی سی نے بھارتی کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیاہے، جس میں ان سے پی سی بی کے سوالات پر تبادلہ خیال اور ممکنہ جوابات مانگے گئے ہیں ہیں تاکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی ای میل کاجواب دیا جاسکے۔

اطلاعات کےمطابق بھارتی بورڈ تمام قانونی پہلوؤں کو سامنے رکھتے ہوئے اپنا تحریری مؤقف دے گا، جس کی روشنی میں آئی سی سی پاکستان کرکٹ بورڈ کو جوابی ای میل کرے گا۔ آئی سی سی حکام پاکستان بھارت معاملے پر دوسرےممالک سے بھی مشاورت کررہےہیں تاکہ اس مسئلے کا کوئی پائیدار حل ڈھونڈا جاسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں