لاہور: پنجاب حکومت نے اسموگ اور فضائی آلودگی پر قابو پانے کیلیے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو مکمل بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سیکریٹری ٹرانسپورٹ جاوید احمد قاضی نے بتایا کہ حکومتی فیصلے کی روشنی میں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو مکمل بند کردیا جائے گا جس کے لیے انہیں ایک ہفتے کی مہلت دے دی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ ٹرانسپورٹ پنجاب نے ماحول کو آلودہ کرنے والی گاڑیوں کے خلاف حتمی کارروائی اور سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ کے بعد ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والی پرائیویٹ گاڑیوں کے خلاف بھی ایکشن لیا جائے گا۔
اس ضمن میں محکمہ ٹرانسپورٹ نے پرائیوٹ گاڑیوں کے مالکان کو 7 یوم کا الٹی میٹم دیا اور متنبہ کیا ہے کہ دھواں چھوڑتی گاڑیوں کی فوری سروس یقینی بنائیں بصورت دیگر بھاری چالان کیا جائیگا۔
سیکریٹری ٹرانسپورٹ نے کہا کہ شہری اپنے فون سے 15 پر اور ایکسٹینشن نمبر 6 ملا کر دھواں چھوڑتی گاڑیوں کی اطلاع دیں۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ انسانی زندگی کو خطرات لاحق کرنے والی گاڑیوں کو سڑکوں پر مزید برداشت نہیں کیا جاسکتا۔