0

بھارتی روپیہ امریکی ڈالر کے سامنے زمین بوس؛ تاریخ کی کم ترین سطح پر آگیا

بھارتی روپیہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں 84.37 کی اب تک کی کم ترین سطح پر آ گیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی روپیہ جمعہ کو ابتدائی تجارت میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں 5 پیسے گر کر 84.37 کی اب تک کی کم ترین سطح پر آ گیا۔

گزشتہ روز بھارتی روپیہ 1 پیسے گر کر امریکی ڈالر کے مقابلے 84.32 پر بند ہوا تھا اور آج دن کے آغاز سے ہی مزید گراوٹ جاری ہے۔

مودی سرکار کی مالیاتی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں اور اقتصادی ماہرین نے کہا ہے کہ ٹرمپ کے صدارتی عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ صورت حال مزید گھمبیر ہوجائے گی۔

ماہرین کے نزدیک ڈالر کے مقابلے میں بھارتی روپے کی قدر میں مسلسل کمی کی وجہ غیر ملکی فنڈز کے مسلسل اخراج اور ڈومیسٹک ایکوئٹی میں مندی کا رجحان ہے۔

دوسری جانب فاریکس ٹریڈرز کا کہنا ہے کہ شرح سود میں کمی کا امریکی فیڈرل ریزرو کا حالیہ فیصلہ عالمی مالیاتی منظر نامے میں تبدیلی کا اشارہ ہے۔

ماہرین کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کے عالمی منڈیوں پر اثر انداز ہونے سے کرنسی کی قدر میں اتار چڑھاؤ تیزی سے ہوا کرے گا۔
خیال رہے کہ امریکا نے تازہ ترین مانیٹری پالیسی کے تحت اپنی بینچ مارک ریٹ کو 0.25 بیسس پوائنٹس سے کم کر کے 4.5 فیصد سے 4.75 فیصد کی ہدف کی حد تک پہنچا دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں