0

ڈی چوک احتجاج کیس،علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی ضمانت منظور، رہاکرنے کا حکم

اسلام آباد(22اکتوبر 2024) انسداد دہشتگردی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی ضمانت منظورکرلی،رہائی کا حکم۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہن علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے خلاف ڈی چوک احتجاج کیس کی سماعت جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے کی،عدالت نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی ضمانت کی درخواستیں منظور کرلیں اور دونوں کی 20،20 ہزار روپے مچلکوں کے عوض ضمانتیں منظور کی گئی ہیں۔

تھانہ کوہسار کے مقدمے میں علیمہ خان اور عظمیٰ خان 4 اکتوبر سے گرفتار تھیں۔خیال رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سماعت پر انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد میں بانی پی ٹی آئی کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی ضمانت کی درخواست پر فیصلہ نہیں ہو سکا تھا۔

درخواست گزار کے وکیل سلمان صفدر نے جج ابوالحسنات ذوالقرنین سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ صبح سے سن رہا ہوں ریکارڈ نہیں آیاتھا۔

آپ کے ہوتے ایسا ہونا اچھا نہیں لگتاتھا۔وکیل نے عدالت میں دلائل دئیے کہ شنگھائی تعاون تنظیم ختم ہوگئی تھی آپ نے کہا ملک کو آگے بڑھنے دیں ملک آگے بڑھ گیا۔ 600 افراد کا کیس ہے۔ کوئی سائفر کا کیس تو نہیں، دونوں خواتین ہیں سازش کا کوئی گواہ نہیں، الزام عمومی ہے۔جج نے پراسیکیوٹر سے سوال کیا تھاکہ علیمہ خان اور عظمیٰ خان کیس کا ریکارڈ کدھر ہے؟ کیا مسئلہ ہے؟ جس کے جواب میں پراسیکیوٹر نے کہا کہ ریکارڈ نہیں ہے، میں ریکارڈ دیکھ کر ہی دلائل دے سکتا ہوں۔

پراسیکیوٹر کی دلائل مکمل نہ ہونے پر سماعت 25 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی تھی۔قبل ازیںبانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی ضمانت بعداز گرفتاری کی درخواست پر سماعت ملتوی کر دی گئی تھی۔اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت ایڈمنسٹریٹو جج راجہ جواد عباس نے علیمہ خان اور عظمیٰ خان درخواست ضمانتوں پر سماعت کی تھی۔

بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کے وکیل نیاز اللہ نیازی اور عثمان گل سردار مصروف و دیگر عدالت پیش ہوئے تھے۔انسداد دہشت گردی عدالت کے دونوں ججز کے رخصت پر ہونے کے باعث سماعت ایڈمنسٹریٹو جج نے کی تھی۔دوران سماعت ایڈمنسٹریٹو جج راجہ جواد عباس نے ریمارکس دیئے کہ میں اس عدالت کا ڈیوٹی جج نہیں اس لئے درخواست ضمانت پر فیصلہ نہیں کر سکتا۔

بعدازاں انسداد دہشت گردی عدالت نے عظمیٰ خان اور علیمہ خان کی درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی کر دی گئی تھی۔
یاد رہے کہ12 اکتوبر کو اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ڈی چوک پر احتجاج کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں