اسلام آباد: سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران وکیل کی جانب سے آخری روز نیک خواہشات پر چیف جسٹس فائز نے مختصر جواب دیا کہ زندگی رہی تو کل آپ سے ملاقات ہوگی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس نعیم اختر افغان اور جسٹس شاہد بلال پر مشتمل تین رکنی بینچ نے آج 10 مقدمات کی سماعت کی جن میں سے 4 مقدمات کے فیصلے کئے اور 6 کو ملتوی کیا،وکیل فاروق ملک نے چیف جسٹس سے کہا کہ سر آج آپ کا آخری دن ہے،آپ کیلئے نیک خواہشات کا اظہار ہے۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے جواب دیا کہ زندگی رہی تو کل آپ سے ملاقات ہوگی۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا مقدمات کی سماعت کا آج آخری روز تھا۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے 25 اکتوبر جمعہ کے روز ریٹائر ہو جائیں گے۔
عدالتی عملے کے مطابق چیف جسٹس کے کل بینچ میں بیٹھنے کی کوئی کازلسٹ جاری نہیں۔ سپریم کورٹ کے جمعے کےلئے جاری کردہ ججز روسٹر کے مطابق سپریم کورٹ میں سات بینچز مقدمات کی سماعت کریں گے جب کہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ چیمبر ورک کریں گے۔
صبح ساڑھے 10 بجے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیلئے فل کورٹ ریفرنس ہوگا۔جسٹس منصور علی شاہ چھٹی پر ہوں گے۔
سپریم کورٹ کی جانب سے جمعہ کو 7 بینچز تشکیل دیئے گئے ہیں۔ بینچ نمبر ایک میں جسٹس منیب اختر، جسٹس اطہر من اللہ، بینچ نمبر 2 میں جسٹس یحییٰ آفریدی، جسٹس حسن اظہر رضوی، جسٹس شاہد وحید شامل ہیں۔روسٹر کے مطابق بینچ نمبر 3 میں جسٹس امین الدین، جسٹس محمد علی مظہر، جسٹس عرفان سادات، بینچ نمبر 4 میں جسٹس جمال خان مندوخیل، جسٹس مسرت ہلالی، جسٹس شہزاد احمد خان، بینچ نمبر 5 میں جسٹس عائشہ ملک، جسٹس عقیل عباسی شامل ہوں گے۔
روسٹر میں بتایا گیا ہے کہ بینچ نمبر 6 میں جسٹس نعیم اختر افغان، جسٹس شاہد بلال حسن اور بینچ نمبر 7 میں جسٹس سردار طارق مسعود، جسٹس مظہر عالم میاں خیل شامل ہیں۔