0

بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا

راولپنڈی: بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل سے رہا کر دیاگیا،بشریٰ بی بی کی رہائی گیٹ نمبر 5سے کی گئی،اس موقع پر جیل کے اطراف سیکورٹی کے سخت انتظامات۔

وکلا ء کی جانب سے جیل حکام کو روبکار جمع کرانے کے بعد ان کی رہائی کا عمل مکمل کیا گیا۔ بشریٰ بی بی کاضمانتی مچلکہ ملک طارق محمود نون نے دیا،اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خالد یوسف چودھری نے کہاکہ بشریٰ بی بی رہائی کے بعد بنی گالہ جائیں گی،ان کاکہناتھا کہ بشریٰ بی بی کی تمام مقدمات میں ضمانت، کچھ میں بری ہو چکی ہیں۔

قبل ازیں سپیشل جج سینٹرل نے بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار پر دستخط کر دئیے ،بشریٰ بی بی کے ضمانتی مچلکے سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کی عدالت میں جمع کروائے گئے بشریٰ بی بی کاضمانتی مچلکہ ملک طارق محمود نون نے دیا،جج شاہ رخ ارجمند نے بشریٰ بی بی کی رہائی کی روبکار پر دستخط کرتے ہوئے روبکار جاری کر دی۔

توشہ خانہ ٹو کیس میں بشریٰ بی بی کی درخواست ضمانت کے معاملے پر وکلا خالد یوسف اور رائے سلمان امجد عدالت میں پیش ہوئے، وکلا، ضامن اور گواہان سپیشل جج سینٹرل کی عدالت میں پیش ہوئے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز توشہ خانہ 2کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے ضمانت کی درخواست منظور ہونے کے باوجود بشری بی بی کی رہائی ممکن نہیں ہوئی تھی۔سینئر سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کی عدم دستیابی کے باعث روبکار جاری نہ ہوسکی تھی جبکہ سپیشل جج سینٹرل نمبر ٹو ہمایوں دلاور کی بھی رخصت کے باعث روبکار جاری نہ ہوسکی۔جیل حکام کا کہنا تھا کہ بشری بی بی کی رہائی روبکار موصول ہوتے ہی قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا جائے گا۔
پی ٹی آئی وکلا مچلکے جمع کرانے کیلئے عدالتوں کے چکر لگاتے رہے جس دوران عدالتی وقت ختم ہوگیا تھا۔اس حوالے سے وکیل خالد یوسف چوہدری کا کہنا تھا کہ جن ججز نے رہائی روبکار جاری کرنا تھی وہ دستیاب نہیں تھے ۔ جج کی عدم دستیابی کے باعث بشریٰ بی بی کی رہائی کا قانونی عمل کل پورا کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں