0

ایران نے تمام پروازوں میں پیجرز اور واکی ٹاکیز پر پابندی عائد کردی

تہران: لبنان میں حزب اللہ کے زیر استعمال ہزاروں پیجرز اور پھر واکی ٹاکیز میں ہونے والے دھماکوں کے بعد ایران نے تمام پروازوں میں موبائل فون کے سوا باقی تمام مواصلاتی آلات پر پابندی لگادی۔

ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق پابندی کا اعلان سول ایوی ایشن کے ترجمان جعفر یازرلو نے کیا۔ انھوں نے کہا کہ خلاف ورزی کو طیارے سے اتارا بھی جا سکتا ہے۔

ترجمان سول ایوی ایشن نے مزید کہا کہ یہ فیصلہ مسافروں کی جانوں کی حفاظت کے لیے ہی اُٹھایا گیا جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ تمام ایئرلائنز اس کی پابندی کریں۔

یاد رہے کہ لبنان میں 17 ستمبر کو حزب اللہ کے کمانڈرز اور جنگجوؤں کے زیر استعمال 3 ہزار سے زائد پیجرز یکے بعد دیگرے دھماکوں سے پھٹ گئے تھے جس میں 39 افراد جاں بحق اور 3 ہزار سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔

اگلے ہی روز ان افراد کی نماز جنازہ کے دوران حزب اللہ کے عہدیداروں کے زیر استعمال واکی ٹاکیز میں بھی دھماکے ہوئے تھے۔

ان پیجرز اور واکی ٹاکیز دھماکوں کی ذمہ داری اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد پر عائد کی گئی تھی جس نے تائیوان سے منگوائے گئے پیجرز میں بارودی مواد رکھا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں