0

سونم کیساتھ رومانوی سین کیلئے سلمان خان کو 5 ماہ تک کیوں منایا گیا؟

ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کے ہدایتکار سورج برجاتیا نے کہا ہے کہ بالی ووڈ کے دبنگ اسٹار سلمان خان کو فلم ‘پریم رتن دھن پایو’ میں اداکارہ سونم کپور کے ساتھ رومانوی سین کرنے کے لیے 5 ماہ تک منایا گیا تھا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ہدایتکار سورج برجاتیا نے اپنے حالیہ انٹرویو میں سلمان خان اور سونم کپور کی بلاک بسٹر فلم ‘پریم رتن دھن پایو’ کے بارے میں بات کی۔

ہدایتکار سورج برجاتیا نے کہا کہ جب میں نے سلمان خان کو ‘پریم رتن دھن پایو’ کی مرکزی ہیروئن کا نام بتایا اور تصاویر دکھائیں تو وہ حیران رہ گئے تھے اور پھر اُنہوں نے اس فلم میں کام کرنے سے متعلق سوچنے کے لیے مجھ سے کچھ وقت مانگ لیا تھا۔

سورج برجاتیا نے کہا کہ جب میں نے ایک ماہ بعد سلمان خان سے دوبارہ رابطہ کیا تھا تو اُن کا کہنا تھا کہ وہ ابھی اپنے فیصلے پر غور کررہے ہیں کیونکہ سونم کپور عُمر میں کافی چھوٹی ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ سلمان خان کا کہنا تھا کہ سونم میرے دوست کی بیٹی ہے اور میرے سامنے ہی بڑی ہوئی ہے تو میں اُس کے ساتھ رومانوی سین کیسے کرسکتا ہوں؟

ہدایتکار نے کہا کہ سلمان خان فلم ‘پریم رتن دھن پایو’ میں کام کرنے کے لیے تو راضی ہوگئے تھے لیکن وہ سونم کپور کیساتھ رومانوی سین کرنے میں ہچکچا رہے تھے۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ میں نے سلمان خان کو فلم میں سونم کپور کے ساتھ رومانوی سین کرنے کے لیے تقریباََ 5 ماہ تک منایا اور پھر کہیں جاکر وہ راضی ہوئے۔

واضح رہے کہ سال 2015 میں ریلیز ہونے والی سُپر ہٹ فلم ‘پریم رتن دھن پایو’ 2015 کی دوسری سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بنی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں