تہران: ایران کے نائب صدر اوّل محمد رضا عارف نے کہا ہے کہ حسن نصر اللہ کی شہادت کا نتیجہ اسرائیل کی تباہی کی صورت نکلے گا۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق محمد رضا عارف نے کہا کہ ہم قابض اسرائیل کو خبردار کرتے ہیں کہ حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل سید حسن نصر اللہ کی شہادت اسرائیل کی تباہی کا باعث بنے گی۔
دریں اثنا ایران کے نائب صدر برائے اسٹریٹیجک امور محمد جواد ظریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر لکھا کہ حسن نصر اللہ کی شہادت کے بعد اسرائیلی جارحیت کے خلاف مزاحمت مزید مضبوطی سے جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ خطے اور دنیا میں افراتفری پھیلانے کا اسرائیلی منصوبہ ناکام ہو گا، انہوں نے حسن نصر اللہ کو ظلم کے خلاف جنگ کی علامت قرار دیتے ہوئے دنیا بھر کے آزادی پسندوں کو انکی شہادت پر تعزیت پیش کی۔
یاد رہے کہ حزب اللہ کے سربراہ سید حسن نصراللہ لبنان کے دارالحکومت بیروت میں جمعہ کو اسرائیلی فضائی حملے میں شہید ہوگئے تھے۔