0

سپریم کورٹ؛ پی بی 36 میں ری پولنگ کیخلاف اپیل مسترد، الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ برقرار

اسلام آباد: سپریم کورٹ نے پی بی 36 میں الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے ری پولنگ کے خلاف اپیل مسترد کردی۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 36 قلات میں الیکشن ٹریبونل کے فیصلے کے خلاف ضیا اللہ لانگو کی اپیل پر سماعت کی، جس میں عدالت نے ضیا اللہ لانگو کی اپیل مسترد کرتے ہوئے الیکشن ٹربیونل کا فیصلہ برقرار رکھا ۔

واضح رہے کہ الیکشن ٹریبونل نے 23 ستمبر کو 7 پولنگ اسٹیشنز پر ری پولنگ کا حکم دے رکھا ہے ۔

دوران سماعت درخواست گزار ضیا اللہ لانگو کی جانب سے وکیل شاہ خاور پیش ہوئے ، جنہوں نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ الیکشن ایکٹ کے سیکشن 148 کے سب سیکشن فائیو کے مطابق 180 دن میں فیصلہ کیا جانا ہوتا ہے۔ ہمیں موقع دیے بغیر 148 دن میں الیکشن ٹریبونل نے فیصلہ دیا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ریکارڈ کے مطابق آپ کو مواقع فراہم کیے گئے، 4 مرتبہ 50 ہزار اور ایک مرتبہ ایک لاکھ کا جرمانہ کیا گیا، جس پر وکیل نے جواب دیا کہ الیکشن ٹریبونل میں 13 سماعتیں ہوئیں اور صرف 2 سماعتوں پر میرا مؤکل پیش نہیں ہو سکا۔ میرا موکل صوبائی وزیر داخلہ مصروف ہونے کے باعث پیش نہیں ہو سکا تھا۔

وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ ہمیں ایک موقع دیا جائے،اور ہمارا مؤقف سنا جائے۔

بعد ازاں عدالت نے استدعا مسترد کرتے ہوئے الیکشن ٹریبونل کا فیصلہ برقرار رکھا۔ عدالت نے الیکشن ٹریبونل کی جانب سے کیے گئے جرمانے کی رقم ایدھی فاؤنڈیشن کو دینے کا حکم دیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں