نئی دہلی: دنیا میں پیار کے اظہار کے مختلف انداز ہیں، مرد گھٹنے کے بل اپنے محبوب کا ہاتھ مانگتا ہے تو کبھی پھول پیش کرکے زندگی بھر ساتھ چلنے کے لیے ہاتھ مانگتا ہے یا پھر کبھی خواتین کے انداز میں میڈیا میں منفرد انداز میں پیش کیے جاتے ہیں۔
جیسے جیسے دنیا زندگی کے ہر شعبے میں جدت کے نئے انداز تراش رہی ہے، اسی طرح پیار کے اظہار اور پروپوز کرنے کے بھی نئے انداز سامنے آرہے ہیں اور پرانے اور روایتی اظہار محبت کے انداز بھی متروک ہوتے جا رہے ہیں۔
سوشل میڈیا کے اس دور میں کبھی کسی مرد اور کبھی کسی خاتون کے اظہار محبت کا چرچا رہتا ہے چاہے وہ اظہار محبت دنیا کے کسی بھی کونے میں ہوا ہو یا کسی پہاڑ کی اونچی چوٹی یا فضا میں دوران پرواز کسی نے اپنے پیار کا اعلان کیا ہو تو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس میں لوگوں کے دل پسیج جاتے ہیں اور ایسے واقعات پر لوگ خوشی کا اظہار کرتے ہیں۔
حال ہی میں بھارت کی پرواز انڈیگو میں ایک خاتون نے اپنے محبوب کو دوران پرواز جب جہاز فضا میں اپنی منزل کی جانب رواں دواں تھا تو پروپوز کر کے حیرت میں ڈال دیا، جس سے سوشل میڈیا صارفین بھی ان کی تعریف کرنے لگے اور اس کو دلفریب قرار دیا۔
این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا صارف ایشوریا بنسال نے انسٹاگرام پر پورے واقعے کی ایک ویڈیو جاری کی اور لکھا کہ ‘میں نے فضا میں پرپوز کیا’۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایشوریا بنسال اور ان کے بوائے فرینڈ امولیا گویال جہاز پر سوار ہو رہے ہیں، دوسرے منظر میں ایشوریہ جہاز کے اندر اپنے دوست کی طرف بڑھ رہی ہیں اور اسی دوران پرواز کی انتظامیہ اس جوڑے کے لیے اعلان کرتی ہے۔
ایشوریہ پھر روایتی انداز میں گھٹنوں کے بل بیٹھ کر اپنے بوائے فرینڈ کو پروپوز کرتی ہیں اور اپنے پیار کا اظہار کرتے ہوئے انگوٹھی ان کی انگلی میں پہنا دیتی ہیں۔
خاتون نے انسٹاگرام پوسٹ میں لکھا کہ جس طرح میں نے سوچا تھا یہ اس سے بہتر تھا، میں انہیں کچھ منفرد اور عام انداز میں حیران کرنا چاہتی تھی اور میرے میرے ذہن میں یہی خیال آیا، حالانکہ مجھے یقین نہیں تھا کہ پرواز کا عملہ اس کی اجازت دے گا یا نہیں لیکن اب جو ہوا آپ سب جانتے ہیں۔
انسٹاگرام میں صارفین کی بڑی تعداد نے اس ویڈیو کو دیکھا اور تقریباً 50 لاکھ مرتبہ دیکھا گیا جبکہ 4 لاکھ 20 ہزار سے زائد افراد نے پسندیدگی کا اظہار کیا۔
سوشل میڈیا میں ویڈیو پر صارفین کے ساتھ ساتھ جہاز کی کمپنی نے بھی جوڑے کو مبارک باد اور دونوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ایشویہ بانسال کے منفرد انداز کو لوگوں نے مختلف طریقوں سے سراہا یہاں تک کہ چند افراد نے ان سے سوالات بھی کیے اور انڈیگو سے اجازت لینے کے لیے ان کی مدد بھی طلب کی۔
ایک صارف نے لکھا کہ ایسے پروپوزل کا میں بھی مستحق ہوں۔
یاد رہے کہ رواں برس کے اوائل میں اسی طرح ایک پائلٹ نے پرواز کی اٹینڈنٹ اور اپنی گرل فرینڈ کو پرواز بھرنے سے چند لمحے قبل پروپوز کیا تھا۔
پولینڈ کی ایئرلائن نے اس ویڈیو اپنے فیس بک پیج پر بھی شیئر کیا تھا۔