0

معروف بھارتی اداکار ناگ ارجن کے کنوینشن سینٹر پر بلڈوزر چلا دیا گیا

حیدرآباد دکن: ساؤتھ انڈین فلم انڈسٹری کے سُپر اسٹار ناگ ارجن کے 10 ایکڑ پر بنائے گئے این کنوینشن سینٹر پر بلڈوزر چلا دیا گیا، کنوینشن سینٹر پر گزشتہ کئی سالوں سے تحقیقات جاری تھیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (HYDRAA) کے حکم پر تجربہ کار اداکار ناگ ارجن کے 10 ایکڑ پر محیط این کنوینشن سینٹر کو گِرانے کا عمل شروع ہوگیا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ کنوینشن سینٹر کو تجاوزات کی وجہ سے بلڈوزر کے ذریعے گِرایا جا رہا ہے جبکہ یہ کارروائی مقامی حکام کی ہدایت پر کی جارہی ہے۔

اداکار ناگ ارجن پر الزام عائد ہے کہ اُنہوں نے غیر قانونی طور پر کنونشن سینٹر تعمیر کیا، شکایت میں کہا گیا کہ اداکار نے تھممڈی کنٹا جھیل کے حصے پر قبضہ کرکے اپنا این کنوینشن سینٹر تعمیر کیا، شکایت موصول ہونے پر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن (HYDRAA) کے عہدیداروں نے اس کی جانچ شروع کی۔

10 ایکڑ کے اراضی پر بنائے گئے این کنونشن سینٹر پر گزشتہ کئی سالوں سے تحقیقات جاری تھیں، سرکاری ریکارڈ کے مطابق تھممڈی کنٹا جھیل کا رقبہ تقریباً 29.24 ایکڑ ہے جبکہ اداکار نے اپنا کنوینشن سینٹر تعمیر کرنے کے لیے جھیل کے تقریباً 1.12 ایکڑ اور بفر کے اندر اضافی 2 ایکڑ اراضی پر قبضہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق شکایت کنندہ بھاسکر ریڈی نے HYDRAA حکام سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ اداکار کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے جھیل کو بحال کریں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس کی نفری تعینات کرکے ناگ ارجن کے کنوینشن سینٹر کو مسمار کیا جا رہا ہے جبکہ کنوینشن سینٹر کی طرف جانے والی تمام سڑکیں فی الحال بند ہیں۔

دوسری جانب اس حوالے سے ابھی تک اداکار ناگ ارجن کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں