0

صبح 5 بجے سوتا ہوں اور 9 بجے اُٹھ جاتا ہوں، شاہ رخ خان

ممبئی: بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان نے پہلی بار مداحوں کو اپنی روز مرہ کی روٹین کے بارے میں بتا دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شاہ رخ خان نے ‘دی گارڈین’ کو دیے گئے انٹرویو میں فلمی کیریئر سے اپنے 5 سال کے وقفے کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میری عُمر 50 سال سے زیادہ ہوگئی ہے اور اس عُمر میں مجھے اپنے کام سے طویل چھٹی کی ضرورت تھی تاکہ میں مستقبل میں بہتر طریقے سے کام کرسکوں۔

شاہ رخ خان نے کہا کہ دیگر لوگوں کی طرح میں بھی کورونا وائرس کے دنوں میں فارغ تھا تو اس دوران، میں سب کو اطالوی پکوان سیکھنے اور ورزش کرنے کا مشورہ دیتا تھا، میں خود بھی اپنی ورزش پر توجہ دیتا تھا اور عالمی وبا کے دنوں میں میری باڈی بھی بن گئی تھی۔

کنگ خان نے کہا کہ ایک بڑے اسٹار کے لیے فلمی دُنیا سے چار سے پانچ سال کا وقفہ بہت زیادہ ہوتا ہے، اس عرصے میں مداحوں نے مجھے بہت یاد کیا اور مداحوں کی یاد مجھے فلمی دُنیا میں واپس کھینچ لائی۔

اُنہوں نے اپنی اگلی فلم ‘کنگ’ کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میرے دفتر کے ایک ملازم نے مجھے فلم ‘کنگ’ کا موضوع دیا، اب مجھے فلم کی شوٹنگ کا آغاز کرنا ہے، فلم کے لیے اپنا وزن کم کرنا ہے اور اپنی ظاہری شخصیت پر بھی خاصی توجہ دینی ہے۔

شاہ رخ خان نے مستقبل کے پراجیکٹس کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنی عمر کو سامنے رکھتے ہوئے کچھ خاص قسم کے کردار کرنا چاہتا ہوں۔

میگا اسٹار نے اپنی روز مرہ کی روٹین کے بارے میں کہا کہ میں صبح 5 بجے سوتا ہوں اور اگر میری فلم کی شوٹنگ چل رہی ہو تو میں صبح 9 یا 10 بجے اُٹھ جاتا ہوں۔

اُنہوں نے کہا کہ میں فلم کی شوٹنگ کے دنوں میں رات کے 2 بجے گھر آتا ہوں، گھر آنے کے بعد لازمی غسل کرتا ہوں اور پھر 30 منٹ تک ورزش کرتا ہوں۔

کنگ خان نے اپنے کھانے کی روٹین کے حوالے سے کہا کہ میں پورے دن میں صرف ایک وقت کا کھانا کھاتا ہوں۔

واضح رہے کہ فلم ”کنگ“میں شاہ رخ خان کے ہمراہ اُن کی بیٹی اداکارہ سہانا خان بھی جلوہ گر ہوں جبکہ فلم میں ابھشیک بچن منفی کردارادا کریں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں