0

بھینس کے بجائے تحفے میں 5، 6 ایکٹر زمین دے دیتے، ارشد ندیم کی سسر سے خواہش

کراچی: پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے والے ارشد ندیم نے سسر سے بھینس کے بجائے تحفے میں 5، 6 ایکٹر زمین دینے کی خواہش کا اظہار کر دیا۔

جیولن مقابلوں میں 90 میٹر کی حد عبور کرنے والے ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر مختلف انعامات سے نوازا جا رہا ہے اور اسی سلسلے میں ارشد ندیم کے سسر نے بھینس تحفے میں دینے کا اعلان کیا تھا۔

نجی ٹی وی کو انٹرویو کے دوران میزبان کے سوال پر ارشد ندیم نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ سسر دو مربع زمین میں سے مجھے 5، 6 ایکٹر زمین ہی دے دیتے لیکن بھینس دے دی، بہرحال یہ بھی اچھا کیا۔

ارشد ندیم نے کہا کہ ’’اہلیہ نے انٹرویو میں دیکھ کر مجھے بتایا کہ ابو نے تحفے میں بھینس دی ہے جس پر میں نے کہا کہ اتنے امیر ہیں تو کیا مجھے تحفے میں بھینس ہی دینی تھی۔‘‘

انہوں نے مسکراتے ہوئے مزید بتایا کہ میں نے اہلیہ سے کہا تھا اپنے والد سے کہو کہ پانچ چھ ایکڑ زمین دے دیں لیکن اہلیہ نے شاید اب تک ابا سے نہیں کہا جس سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ اپنے والدین کا احساس کرتی ہیں۔

میزبان کے سوال پر ارشد ندیم نے کہا کہ جس طرح میں نے پاکستان کا نام روشن کیا ہے اسی طرح میرے بچے بھی کسی بھی شعبے میں ملک کا نام روشن کریں۔

واضح رہے کہ ایتھلیٹ ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس کے جیولن مقابلوں میں 92.97 میٹر کی تھرو پھینک کر ریکارڈ قائم کیا ہے۔ انھوں نے 2008 میں بنایا گیا 90.57 میٹر کا اولمپک ریکارڈ توڑا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں