نئی دہلی: بھارت میں ہندو ازم کے آدی تہوار کی مناسبت سے بنائے گئے اشتہاری ہورڈنگز میں فحش اداکارہ میا خلیفہ کی تصویر لگانے پر پجاریوں نے شدید احتجاج کیا اور پوسٹرز پھاڑ دیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست تامل ناڈو کے ضلع کانچی پورم میں پیش آیا۔ دیوی ماں پاروتی کی پوجا کی مناسبت سے مذہبی تہوار آدی کو منانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے گے تھے۔
ایک ہفتے سے زائد دنوں تک جاری رہنے والے اس آدی تہوار میں ہزاروں افراد شرکت کرتے ہیں جن کے استقبال کے لیے خوش آمدیدی بینرز اور پوسٹرز آویزاں کیے جاتے ہیں۔
انھی پوسٹرز میں سے ایک میں دیوتاؤں کے درمیان ایک پجارن کی تصویر لگائی گئی جو سر پر دودھ کا برتن (پال کڈم) اُٹھائے ہوئے ہے اور یہ پجارن کے روپ میں کوئی اور نہیں فحش اداکارہ میا خلیفہ ہیں۔
اس ہورڈنگ پر جب ہندو مذہب کے پیروکاروں کی نظر پڑی تو ہنگامہ کھڑا ہوگیا اور بالآخر پولیس کو مداخلت کرنا پڑی۔