میاں چنوں: پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم کی تاریخ ساز کامیابی پر اہل خانہ اور اہل علاقہ خوشی سے نہال ہو گئے، علاقے میں جشن کا سماں نظر آ رہا ہے۔
ارشد ندیم کی پیرس اولمپکس میں ریکارڈ ساز کامیابی اور پاکستان کے لیے واحد گولڈ میڈل حاصل کرنے پر ان کی والدہ کا کہنا تھا کہ قوم کی دعائیں رنگ لے ائیں اور میرے بیٹے کی جیت سے پیرس کی فضائیں پاکستان کے قومی ترانے سے گونج اٹھی۔
والدہ ارشد ندیم کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل اور پوری قوم کی دعاؤں سے اللہ تعالیٰ نے میرے بیٹے کو کامیابی حاصل ہوئی، میرے بیٹے کی کامیابی سے پاکستانی عوام کا سر فخر سے بلند ہوا، میرے بیٹے نے گولڈ میڈل جیت کر دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کردیا۔
ارشد ندیم کے بھائی کا کہنا تھا کہ پیرس اولمپکس میں میرے بھائی نے کم وسائل کے باوجود اپنی انتھک محنت سے ریکارڈ تھرو کی۔
انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم سے حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ گاؤں میں گراؤنڈ بنایا جائے گا، اب وقت آ گیا ہے کہ حکومت اپنا وعدہ پورا کرے۔
ارشد ندیم کی کامیابی پر علاقہ مکینوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے ہیں، علاقے میں جشن کا سا سماں ہے، ارشد ندیم کی کامیابی پر علاقے میں مٹھائی تقسیم کی گئی اور ڈھول کی تھاپ پر رقص بھی کیا گیا۔