ممبئی: بالی ووڈ کی مقبول ترین اسٹار جوڑی امیتابھ بچن اور جیا بچن کی شادی سے متعلق چند ایسی تفصیلات سامنے آئی ہیں جن سے اس جوڑی کے مداح لاعلم تھے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن کے والد اور لیجنڈری ہندی زبان کے شاعر ہری ونش رائے بچن نے اپنے بیٹے کی شادی کی چند دلچسپ تفصیلات اپنی سوانح حیات (ان دی آفٹر نون آف ٹائم) میں تحریر کی تھیں۔
ہری ونش رائے بچن نے اپنی کتاب میں لکھا تھا کہ اُن کے بیٹے اور بہو جیا نے محبت کی شادی کی تھی، اسی وجہ سے شادی میں چند ہی لوگوں نے شرکت کی تھی۔
اُنہوں نے بتایا کہ امیتابھ بچن کی بارات صرف 5 افراد پر مشتمل تھی، جن میں اداکار، اُن کے والدین اور کانگریس پارٹی کے رہنما سنجے گاندھی شامل تھے جبکہ شادی کی تقریب امیتابھ اور جیا کے ایک دوست کے گھر کی اوپری منزل پر رکھی گئی تھی۔
ہری ونش رائے بچن نے کہا کہ جب شادی کی رسومات مکمل ہونے کے بعد، میں جیا کے والد کو مبارکباد دینے گیا تو اُنہوں نے مجھے کہا کہ میرا خاندان تباہ ہوگیا ہے۔
امیتابھ کے والد نے کہا کہ میں یہ سُن کر ششدر رہ گیا تھا کہ وہ شادی کے موقع پر ایسی بات کہہ رہے ہیں، مجھے تو لگا تھا کہ وہ میرے بیٹے کو اپنا داماد بنانے پر بہت خوش ہوں گے۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ جیا کے اہلخانہ، اس شادی سے ناخوش تھے، اُنہوں نے شادی کی تقریبات میں کوئی دلچسپی بھی ظاہر نہیں کی تھی جبکہ وہ چاہتے تھے کہ شادی کی تقریب بنگالی رسومات کے مطابق ہو اور ہمیں کوئی اعتراض نہیں تھا۔
واضح رہے کہ امیتابھ بچن اور جیا بچن نے جون 1973 میں شادی کی تھی، اس جوڑے کا ایک بیٹا ابھیشیک بچن اور ایک بیٹی شویتا بچن ہے۔