ٹوکیو: ایک جاپانی شخص نے حال ہی میں انٹرنیٹ پر اپنی کہانی شیئر کرکے صارفین کو چونکا دیا کہ وہ گزشتہ دو دہائیوں کے دوران 132 ملین ین ($640,000) بچانے میں کامیاب رہے جس کا مقصد دباؤ والی نوکری سے جلد ریٹائرمنٹ حاصل کرنا تھا۔
45 سالہ نامعلوم شخص نے سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا کہ اس نے اس مقصد کے لیے گزشتہ بیس سال اور دس ماہ وقف کردیے کہ زیادہ سے زیادہ رقم جمع کرے اور جلد ریٹائرمنٹ حاصل کرے۔
2000 کے اوائل میں شہری ایک مستقل لیکن بہت زیادہ کام لینے والی نوکری حاصل کرنے میں کامیاب ہوا جہاں اسے مسلسل اوور ٹائم کام کرنا پڑتا تھا۔ بعض اوقات آدھی رات کے بعد بھی۔
اس کی سالانہ تنخواہ تقریباً پچاس لاکھ ین ($32,000) تھی، اس لیے اپنی ملازمت چھوڑنے اور کم دباؤ والی نوکری تلاش کرنے کے بجائے اس نے تمام مشکلات کو جھیلنے اور زیادہ سے زیادہ رقم بچانے کا فیصلہ کیا تاکہ وہ جلد ریٹائر ہو سکے۔
جلد از جلد 100 ملین ین تک بچانے کی جستجو میں جاپانی شہری نے اپنا طرز زندگی مکمل طور پر تبدیل کر دیا۔ اس نے اپنا کرائے کا اپارٹمنٹ ترک کر دیا اور اس کے بجائے کمپنی کی ایک بنیادی ہاسٹلری میں رہنے کا انتخاب کیا جہاں وہ ماہانہ صرف 30,000 ین ($190) ادا کرتا تھا۔
ضرورت کے آلات اور فرنیچر خریدنے کے بجائے اس نے ان چیزوں کا استعمال کیا جسے دوسرے لوگوں نے کچرا سمجھ کر پھینک دیا تھا۔ اس نے گرمیوں میں کبھی ایئر کنڈیشنگ کا استعمال نہیں کیا اور سردیوں میں خود کو گرم کرنے کے لیے صرف ورزشیں اور کمبل استعمال کرتا تھا۔ کھانا بھی اس نے 21 سالوں تک انہتائی سادہ کھایا۔