0

ریچا چڈھا اور علی فضل کی بیٹی کی پہلی جھلک منظرِ عام پر

ممبئی: بالی ووڈ کی مشہور جوڑی ریچا چڈھا اور علی فضل نے اپنی ننھی پری کی جھلک مداحوں کو دکھا دی۔

16 جولائی کو اپنی پہلی اولاد کو دُنیا میں خوش آمدید کہنے والے جوڑے ریچا چڈھا اور علی فضل کو شوبز انڈسٹری سے وابستہ شخصیات اور مداحوں کی جانب سے مبارکباد ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔

مداح، اس جوڑے کی ننھی پری کی پہلی جھلک دیکھنے کے لیے بےتاب تھے، تاہم ریچا چڈھا اور علی فضل نے مداحوں کی خواہش پوری کرتے ہوئے سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر خصوصی پوسٹ جاری کی ہے۔

ریچا چڈھا اور علی فضل نے اپنی مشترکہ انسٹاگرام پوسٹ میں اپنی نومولود بیٹی کی تصویر شیئر کی جس میں اسٹار جوڑی کی بیٹی کے صرف پاؤں نظر آرہے ہیں۔

دونوں اداکاروں نے اپنی پوسٹ میں کہا کہ ہماری زندگی کے سب سے بڑے تعاون کا اعلان کرنے کے لیے ہم مشترکہ پوسٹ کررہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ ہمیں واقعی برکت سے نوازا گیا ہے، ہماری بیٹی ہمیں بہت مصروف رکھتی ہے۔

علی فضل اور ریچا چڈھا نے مبارکباد اور نیک خواہشات ملنے پر اپنے تمام مداحوں اور ساتھی فنکاروں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

واضح رہے کہ ریچا چڈھا اور علی فضل نے 18 جولائی کو اپنے مشترکہ بیان میں بیٹی کی پیدائش کا اعلان کیا تھا۔

اس جوڑے نے رواں سال فروری میں سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے بتایا تھا کہ یہ دونوں بہت جلد والدین بننے والے ہیں۔

یاد رہے کہ علی فضل اور ریچا چڈھا نے سال 2020 میں باقاعدہ شادی کی تھی لیکن وہ عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے اپنی شادی سلیبریٹ نہیں کرسکے تھے، لہٰذا انہوں نے اکتوبر 2022 میں دوبارہ شادی کرنے کا فیصلہ کیا۔

اکتوبر 2022 میں علی فضل اور ریچا چڈھا کی شادی کی تقریبات کا آغاز دارالحکومت نئی دہلی سے ہوا تھا جہاں ان کی مہندی کی رسم ہوئی، جس کے بعد دونوں شادی کے لیے ریاست اتر پردیش کے شہر لکھنئو گئے، جہاں دونوں نے روایتی رسومات کے تحت شادی کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں