ٹی20 ورلڈکپ کے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ سے شکست کے بعد افغان ٹیم کے کپتان راشد خان کا بیان آگیا۔
ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سیمی فائنل میچ میں افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم پوری ٹیم محض 11.5 اوور میں 56 رنز بناکر پویلین لوٹ گئی، 9 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہو سکے جبکہ صرف عظمت اللہ ززئی 10 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقی ٹیم نے 8.5 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر ٹارگٹ حاصل کرلیا۔
یکطرفہ شکست کے بعد کپتان راشد خان نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں لکھا کہ اس ٹی20 ورلڈکپ کو ہمیشہ یاد رکھیں گے، ٹیم کے ہر کھلاڑی نے جس طرح ڈٹ کر مقابلہ کیا وہ قابل ستائش ہے اور مجھے پوری ٹیم پر فخر ہے۔
آئندہ ہم اس سفر کا آغاز یہیں سے کریں گے اور اگلی مرتبہ اس سے بھی زیادہ مضبوطی سے کم بیک کریں گے۔
افغان ٹیم کے کپتان راشد خان نے ٹیم کی سپورٹ کرنے والے ہر فرد کا شکریہ بھی ادا کیا۔