0

مسلم اداکار سے شادی؛ شتروگھن سنہا بیٹی سوناکشی کے سسرال پہنچ گئے

ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کے ماضی کے معروف ترین ہیرو شترو گھن سنہا کی بیٹی اداکارہ سوناکشی سنہا کی شادی اُن کے مسلمان دوست ظہیر اقبال سے ممکنہ طور پر 23 جون کو ہونے والی ہے اور اس سلسلے میں شتروگھن سنہا اپنے مسلمان سمدھیوں سے ملنے ان کے گھر پہنچ گئے۔

سوشل میڈیا پر اداکارہ سوناکشی سنہا کی سیلفی وائرل ہو رہی ہے جس میں ان کے والد شتروگھن سنہا، والدہ اور دیگر گھر والے اُن کے سسرالیوں کے ساتھ گروپ فوٹو میں موجود ہیں۔

فوٹو میں سوناکشی کے ہونے والے دلہا ظہیر اقبال، اُن کے والد اقبال رتناسی اور خاندان کے دیگر افراد بھی موجود ہیں۔ وائرل تصویر میں دونوں خاندان نہایت خوش دکھائی دے رہے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ شادی سے پہلے دونوں خاندانوں کے درمیان پہلی ملاقات ہے تاکہ شادی سے متعلق انتظامات کو حتمی شکل دی جا سکے۔

یہ نئی تصاویر فیشن ڈیزائنر مارزیہ ٹائیبی بھوبے نے بھی اپنے انسٹاگرام اسٹوریز پر شیئر کی ہیں۔

ایک اور تصویر میں شتروگھن سنہا اپنے ہونے والے داماد ظہیر اقبال اور کچھ قریبی دوستوں کے ساتھ موجود ہیں۔

خیال رہے کہ سوناکشی سنہا اور ظہیر اقبال 7 برس سے ملاقاتیں کر رہے ہیں اور 23 جون کو ممبئی میں شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے۔ شادی کا ایک لیک ہونے والا دعوت نامہ بھی منظر عام پر آیا ہے۔

شادی کے دعوت نامے کو کسی میگزین کے سرورق کی طرح ڈیزائن کیا گیا تھا اور اس میں سوناکشی اور ظہیر اقبال کی تعطیلات مناتے خوبصورت تصاویر دکھائی گئی ہیں۔

یاد رہے کہ سوناکشی اور ظہیر اقبال نے 2022 میں ریلیز ہونے والی فلم ’’ڈبل ایکس ایل‘‘ میں ایک ساتھ کام کیا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں