عید الاضحی کے موقع پر راکسی تھیٹر گوجرانوالہ میں باجوہ پروڈکشن کی طرف سے ایک شاندار اصلاحی تفریحی اور کامیڈی ڈرامہ “عاشق بکرے” پیش کیا جا رہا ہے ۔
ڈرامے کی کاسٹ میں پاکستان کے نامور فنکار اپنی فنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کر رہے ہیں جن میں بالخصوص سپر سٹار سخاوت ناز ،شکیل چن، ستار کمال، وسیم ڈار، اکرم راہی، عابد پہلوان، یاسر چن اوراُڈو شامل ہیں۔
ڈرامے کی فی میل کاسٹ میں پاکستان کی خوبصورت سپر اسٹار “خوبصورت کیف” بھی اپنی فنی صلاحیتوں کا شاندار مظاہرہ کر رہی ہیں، عید کے تینوں روز شائقین کی بڑی تعداد نے ڈرامہ دیکھنے کے لیے “راکسی تھیٹر “کا رخ کیا اور “خوبصورت کیف” کی پرفارمنس کو بے حد پسند کیا۔
ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں پاکستان کی سطح پر شہرت کی حامل اسٹارز نے اپنی اپنی پرفارمنسز کے ذریعے ڈرامہ “عاشق بکرے “کو چار چاند لگا دیے ان میں حِنا شیخ، فلک بٹ، نور ملک،اور بالخصوص “بابرہ علی” شامل ہیں جنہوں نے اپنی مخصوص کلاسیکل پرفارمنس سے لوگوں کو کھڑے ہو کر تالیاں بجانے پر مجبور کر دیا۔
شائقین نے ڈرامہ “عاشق بکرے”پیش کرنے پر باجوہ پروڈکشن سمیت پنجاب آرٹس کونسل آف گوجرانوالہ ڈویژن، ڈپٹی کمشنر آفس انتظامیہ گوجرانوالہ اور انتظامیہ راکسی تھیٹر کی کاوش کو خوب سراہا ہےاورتمام فنکاروں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اس موقع پر فنکاروں کا کہنا تھا کہ باجوہ گروپ کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ شاندار ہے،ان کاکہنا تھا کہ باجوہ پروڈکشن نے ماضی میں بھی شاندار “ڈرامہ پراجیکٹس” پیش کیے ہیں جنہیں عوام نے بے حد پسند کیا تھا ان کا مزید کہنا تھا کہ امید کرتے ہیں کہ باجوہ گروپ مستقبل میں بھی ڈرامہ کی بہتری اور عوام کو سستی اور معیاری تقریح مہیا کرنے کے لیے اپنا کام جاری رکھے گا۔
ڈرامہ “عاشق بکرے” کے متعلق جہاں پورا شہر ڈرامہ پیش کرنے پر انتظامیہ کا شکریہ ادا کر رہا ہے وہیں کچھ “لفافہ صحافی” جیب گرم نہ ہونے پر سوشل میڈیا نیٹ ورک کے ذریعے منفی پروپگنڈا کرتے نظر آرہے ہیں اور بالخصوص ایک خاتون آرٹسٹ “خوبصورت کیف” کی کردار کشی کر تے
ہوۓ گھٹیا الزامات عائد کر رہے ہیں اس متعلق جب باجوہ پروڈکشن اور “خوبصورت کیف” سے ٹیم پاک ناروے میڈیا گروپ نے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ ایک وقت تھا کہ اسٹیج ڈراموں کے ذریعے فحاشی و عریانی کا مظاہرہ کیا جاتا تھا لیکن اب ایسا ممکن نہیں ہے کیونکہ گوجرانوالہ انتظامی آفس کی طرف سے ہر ڈرامے کی باقاعدہ ریکارڈنگ کی جاتی ہے، پنجاب آرٹس کونسل آف گوجرانوالہ ڈویژن کے ڈائریکٹر لیول کے آفیسرز ڈرامے کی سینسر ریحرسل مانیٹر کرتے ہیں اور پھر اس کے بعد اسے پاس کرتے ہیں اس کے ساتھ ساتھ ہر شو پر سینئر گورنمنٹ آفیشلز مسلسل ڈرامہ سکرپٹ کی نگرانی کرتے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ “صحافت” کے نام پر بلیک میلنگ کا “مکروہ دھندہ” کرتے ہیں، ڈرامہ پروڈیوسرز کو پیسوں کے لیے بلیک میل کرنا روز کا معمول بن چکا ہے۔
اس موقع پر بالخصوص “خوبصورت کیف” کا کہنا تھا کہ خواتین فنکاروں کے لیے کام کرنا مشکل ہو گیا ہے، کچھ لوگ خود کو “صحافی” ظاہر کر کے ملاقات کے لیے وقت مانگتے ہیں انکار کریں تو زبردستی “بیک اسٹیج “پر چلے آتے ہیں، ہراساں کرتے ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ہم ان لوگوں کے خلاف پولیس یا عدالتوں کا رخ کریں تو پھر کام کرنا ناممکن ہو جائے گا تاہم اس معاملے میں وہ گوجرانوالہ انتظامیہ، پنجاب آرٹس کونسل آف گجرانوالہ ڈویژن، باجوہ پروڈکشن اور
بالخصوص راکسی تھیٹر انتظامیہ کی شکر گزار ہیں جو انہیں اس طرح کے معاملات میں ضروری تحفظ فراہم کرتے ہیں۔