میری لینڈ: امریکا میں ایک خاتون کی اس وقت حیرت کی انتہا نہ رہی جب ایک دکان سے خریدا گیا محض 3.99 ڈالرز کا گلدان 2000 سال پرانا نکلا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق میری لینڈ کی رہائشی خاتون نے ایک مقامی دکان سے مٹی کا گلدان خریدا تاہم یہ تقریباً 2 ہزار سال پرانای مایا تہذیب کا ایک نمونہ نکلا۔
اینا لی ڈوزیئر نامی خاتون نے مقامی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ وہ ایک اسٹور میں خریداری کر رہی تھی جب ایک معمولی نظر آنا والے گلدان نے ان کی توجہ مبذول کرلی۔ یہ پرانا لگ رہا تھا، شاید 20 یا 30 سال پرانا۔ مگر مجھے اچھا لگا اور میں گھر لے آئی۔
اینا نے بتایا کچھ عرصے بعد وہ میکسیکو میں تھیں جب انہوں نے وہاں کے میوزیم میں کچھ قدیم اشیا کی نقالی دیکھیں اور ان میں ایک گلدان بھی تھا جو ان کے اسی گلدان سے مماثل تھا جو انہوں نے 3.99 ڈالر میں خریدا تھا۔
خاتون نے میوزیم کے ایک اہلکار سے اس حوالے سے بات کی جس نے میکسیکو کے سفارت خانے سے رابطہ کرنے کا کہا۔ خاتون نے سفارت خانے کے ساتھ گلدان کی تصاویر شیئر کیں جس کے بعد اس گلدان کی شناخت قدیم مایا تہذیب کے نمونے کے طور پر کی گئی جو 200 عیسوی کی تھی۔