فلسطینی بچے شہید ہو رہے ہیں اور ملالہ اداکاری میں مصروف ہیں، مشی خان
ویب ڈیسک 3 گھنٹے پہلے
مشی خان نے اداکاری کی دُنیا میں قدم رکھنے پر ملالہ کو آڑے ہاتھوں لے لیا : فوٹو : ویب ڈیسک
مشی خان نے اداکاری کی دُنیا میں قدم رکھنے پر ملالہ کو آڑے ہاتھوں لے لیا : فوٹو : ویب ڈیسک
ماضی کی معروف پاکستانی اداکارہ مشی خان نے نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ سفاک اسرائیل کے ہاتھوں فلسطین میں معصوم بچوں کا بےدردی سے قتل کیا جارہا ہے اور ملالہ اداکاری میں مصروف ہیں۔
مشی خان نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر اپنی ویڈیو پوسٹ کی جس میں اُنہوں نے ملالہ یوسفزئی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے طنزیہ انداز میں کہا کہ ملالہ کاؤ گرل بن کر ہالی ووڈ کی کامیڈی ویب سیریز میں آرہی ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ بڑے ہی افسوس اور شرم کی بات ہے کہ فلسطین میں معصوم بچوں کا بےرحمی سے قتل کیا جارہا ہے اور ہماری نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی غزہ کے لیے اپنی آواز بُلند کرنے کے بجائے کاؤ گرل بن کر گھوڑے پر سوار ہوکر اداکاری کررہی ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ اس سے قبل ملالہ یوسفزئی نے فلم ‘جوائے لینڈ’ کی بھرپور تشہیر کی تھی اور اُس کے بعد ملالہ کو امریکا کی سابق وزیرِ خارجہ ہیلری کلنٹن کے ساتھ دیکھا گیا تھا، ہیلری وہی خاتون ہیں جو فلسطین میں نسل کشی میں ملوث ہیں۔
مشی خان نے ملالہ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کے اوپر تو بچوں، نوجوان لڑکیوں اور خواتین کے حق کے لیے بولنے کی ذمہ داری عائد ہے لیکن آپ اپنے فرائض سرانجام دینے کے بجائے اداکاری کررہی ہیں، اگر آپ نے اداکاری ہی کرنی تھی تو پہلے ہی اس شعبے میں آجاتیں، نوبل انعام لینے کی کیا ضرورت تھی۔
اداکارہ نے کہا کہ ملالہ! آپ کچھ تو شرم کرلیں، آپ کو انسانیت کے لیے آواز اُٹھانی چاہیے، فلسطین کے لیے بولنا چاہیے، آپ کو اپنی ذمہ داری کا احساس تک نہیں، مجھے تو ایسا لگتا ہے کہ جس وقت آپ کو نوبل انعام ملا، اُس زمانے میں شاید چنوں کی طرح نوبل انعام بنٹ رہے تھے۔
اُنہوں نے کہا کہ نوبل بہت بڑا اعزاز ہے لیکن ملالہ نے یہ انعام لینے کے بعد ایک کام تک نہیں کیا، پاکستان میں اتنے سیلاب آئے لیکن وہ پاکستان نہیں آئیں، اُنہوں نے تو اپنے علاقے کی لڑکیوں تک کے لیے کوئی کام نہیں کیا۔
مشی خان نے مزید کہا کہ ملالہ! آپ جو کررہی ہیں یہ بہت شرم کی بات ہے، آپ کو سوچنا چاہیے۔
واضح رہے کہ میوزیکل ویب سیریز ’وی آر لیڈی پارٹس‘ کا دوسرا سیزن 30 مئی سے امریکی اور برطانوی ٹی وی چینلز پر نشر ہو رہا ہے، سیریز کے اس سیزن میں ملالہ یوسفزئی بھی مختصر کردار میں جلوہ گر ہوں گی۔